سیشن جج وزیرستان کی بازیابی، بھاری تاوان دیے جانے کا انکشاف

اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک) سیشن جج وزیرستان شاکر اللہ مروت کے اغوا کی رہائی سے متعلق قیاس آرائیوں کا سلسلہ شروع کیا گیا ہے، سینئر صحافی اعزاز سید نے دعویٰ کیا ہے کہ جج کی رہائی کے لیے خیبرپختونخوا نے اغوا کاروں کو بھاری رقم ادا کی ہے۔اعزازسید نے پروگرام ’ٹاک شاک‘ میں بتایا کہ جج کی رہائی کے لیے خیبرپختونخوا نے 5 کروڑ روپے ادا کیے ہیں اور اس میں مرکزی کردار شیر افضل مروت نے ادا کیا۔واضح رہے کہ سیشن جج وزیرستان کو ٹانک اور ڈیرہ اسماعیل خان کے سنگم سے نامعلوم افراد نے اسلحے کے زور پر اغوا کیا اور جج کے سیکورٹی گارڈ کو رہا کر کے ان کی گاڑی کو نذر آتش کردیا تھا۔چند روز بعد مشیر اطلاعات خیبر پختونخوا بیرسٹر سیف نے ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج وزیرستان شاکر اللہ مروت کو بازیاب کرانے کی اطلاع دی۔انہوں نے کہا تھا کہ جج شاکر اللہ مروت کو بحفاظت ان کے گھرپہنچا دیا ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں