ویٹرنری انسٹی ٹیوٹس کے مسائل سے آگاہ ہیں، ترجیحی بنیادوں پر حل کرینگے، احسن اقبال

اسلام آباد (این این آئی) وفاقی وزیر احسن اقبال نے کہا ہے کہ وہ ویٹرنری انسٹی ٹیوٹس کے مسائل سے آگاہ ہیں،درپیش مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے کے لئے پر عزم بھی ہیں۔ ہفتہ کو وفاقی وزیر احسن اقبال نے اینیمل ہسبنڈری کمیٹی اور ویٹرنری کالجز کے وائس چانسلرز سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وہ ویٹرنری انسٹی ٹیوٹس کے مسائل سے آگاہ ہیں،درپیش مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے کے لئے پر عزم بھی ہیں۔انہوںنے کہاکہ اینیمل ہسبینڈری کے شعبے کا سب سے بڑا چیلنج نصاب تعلیم کو جدید دور کے تقاضوں سے ہم آہنگ کرنا ہے، دوسرا بڑا چیلنج اکیڈمیا اور انڈسٹری کے درمیان روابط کو استوار کر کے مطلوبہ استعداد کے حامل افراد کار کی تیاری ہے،انکے مطابق قومی ترقی کے اہداف کے حصول میں ویٹرنری سائنسز کے شعبے کا کردار نہایت اہم ہے، ویٹرنری تعلیمی نصاب کو چوتھے انڈسٹریل انقلاب کے جدید پیمانے کے ساتھ ہم آہنگ کرنے کی ضرورت ہے۔انہوںنے کہا کہ حکومت نے 2023 میں ہائر ایجوکیشن کمیشن کی مدد سے 7 نکاتی فریم ورک تیار کیا، ایچ ای سی کو تاکید کی کہ ہم اپنے تعلیمی اداروں میں پرفارینس آڈیٹ لے کر آئیں۔ انکے مطابق یونیورسٹیاں خالی تدریسی کام نہیں کرتیں ، ان کا کام اعلی معیار کی تحقیق کو فروغ دینا ہے، حال ہی میں ہمیں جنوبی امریکہ سے جانوروں کی وہ نسل درآمد کرنا پڑی جو وہ چار سال قبل ہم ہی سے لے کر گئے تھے۔دودھ کی پیداوار میں پاکستان دنیا بھر میں چوتھے نمبر پر آتا ہے ،نیوزی لینڈ اور ناروے جیسے ممالک اپنے مویشیوں کی وجہ سے مشہور ہیں، ہماری ڈیری اور پولٹری مصنوعات انکے مقابلے کی کیوں نہیں، یہ سوال بہت اہم ہے۔انہوںنے کہا کہ ہم اپنی پیداوار میں اضافہ کرکے اپنی پولٹری، ڈیری، لائیو سٹاک کی صنعت کو فروغ دے سکتے ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں