وزیر اعظم کی ہدایت پر طویل القامت پاکستانی کی امداد، صحت کارڈ بھی دیا جائے گا

کراچی :وزیر اعظم عمران خان کی ہدایت پر طویل القامت پاکستانی نصیر سومرو کو امداد فراہم کر دی گئی، صحت کارڈ بھی دیا جائے گا۔تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم کی ہدایت پر سربراہ بیت المال سندھ حنید لاکھانی نے طویل القامت پاکستانی شہری نصیر سومرو کی رہایش گاہ جا کر انھیں امدادی چیک دیا۔ شکارپور سے تعلق رکھنے والے پاکستانی طویل القامت شخصیت نصیر سومرو اس وقت شدید علیل ہیں، انھوں نے گزشتہ دنوں وزیر اعظم عمران خان سے مدد کی اپیل کی تھی۔سربراہ بیت المال سندھ نے نصیر سومرو کو ان کی رہایش گاہ پر 1 لاکھ 20 ہزار کا چیک پیش کیا، حنید لاکھانی کا اس موقع پر کہنا تھا کہ نصیر سومرو پاکستان کا اثاثہ ہیں، انھیں جلد صحت کارڈ بھی دیا جائے گا، نصیر سومرو پاکستان کے سفیر ہیں۔سربراہ بیت المال سندھ نے کہا کہ سندھ حکومت کو بھی نصیر سومرو کی مدد کے لیے آگے آنا چاہیے، بیت المال کی ٹیم نصیر سومرو سے مسلسل رابطے میں رہے گی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں