حکومت نے ایران کو پاکستان کے ذریعے تیسرے ملک سے تجارت کی اجازت دیدی، روٹس مختص کردیے گئے
اسلام آباد (ویب ڈیسک) پاکستان نے ایران کو تجارت میں سہولت دینے کا بڑا فیصلہ کرتے ہوئے پاکستان کے ذریعے کسی تیسرے ملک کے لیے ایران کو تجارت کی اجازت دے دی۔ وزارت تجارت نے پاکستان کے ذریعے سامان ٹرانزٹ آرڈر 2026 کا نوٹیفکیشن بھی جاری کردیا۔ نوٹیفکیشن کے مطابق وفاقی حکومت نے امپورٹ، ایکسپورٹ کنٹرول ایکٹ 1950 میں ترامیم کردی ہے، حکم نامہ فوری طور پر نافذ العمل ہوگا۔ نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ یہ حکم ان ٹرانزٹ اشیا کی نقل وحمل پر لاگو ہوگا جو کسی تیسرے ملک سے روانہ ہوں، ٹرانزٹ اشیا پاکستان کے ذریعے ایران کے کسی مقام تک پہنچائی جائیں گی۔ پاکستان کی جانب سے سامان کی نقل وحمل کےلئے روٹس کا تعین بھی کردیا گیا ہے، نوٹیفکیشن کے مطابق گوادر، پورٹ قاسم، لیاری، اورماڑہ، پسنی اور گبد روٹس میں شامل۔ نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ کراچی پورٹ قاسم، خضدار، دالبندین، تفتان، گوادر اور تربت کے راستے حکم نامے کا حصہ ہیں جبکہ ہوشاب، پنجگور، ناگ، بیسیمہ، خضدار، کوئٹہ لک پاس اور نوکنڈی کے راستے بھی حکم نامے میں شامل ہیں۔ نوٹیفکیشن کے مطابق سامان کی نقل و حمل کسٹمز ایکٹ 1969ءکے تحت بنائے گئے قواعد کے تحت اور ایف بی آرکی جانب سے مقرر کردہ طریقہ کار کے مطابق ہوگی۔


