ڈیرہ مراد جمالی، اے سی گیس دھماکے میں دو کمسن بچوں کے بعد زخمی ماں بھی زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے جاں بحق ہوگئی

ڈیرہ مراد جمالی( آئی این پی ) اے سی گیس کے ہولناک دھماکے نے شاہد علی ابڑو کے گھر کو ماتم کدے میں تبدیل کر دیا، ایک ہی خاندان پر غموں کا پہاڑ ٹوٹ پڑا۔ دو کمسن بیٹوں کی شہادت کے صدمے سے خاندان ابھی سنبھل بھی نہ پایا تھا کہ شدید زخمی ہونے والی ان کی والدہ بھی آج زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے خالقِ حقیقی سے جا ملیں۔ایک ہی گھر سے معصوم بچوں اور ماں کی میتیں اٹھنے کی خبر نے علاقے کی فضا سوگوار کر دی اور ہر آنکھ اشکبار ہے۔ افسوسناک واقعے کو تین روز گزر چکے ہیں، تاہم متاثرہ خاندان کے مطابق اب تک صوبائی حکومت اور ضلعی انتظامیہ کی جانب سے خاطر خواہ امداد اور علاج معالجے کے لیے مثر اقدامات سامنے نہیں آ سکے۔حادثے میں زخمی ہونے والے خاندان کے دیگر افراد بھی گمبٹ ہسپتال میں زندگی اور موت کی کشمکش میں مبتلا ہیں اور مبینہ طور پر مناسب سہولیات اور فوری طبی امداد کے منتظر ہیں۔ متاثرہ خاندان انتہائی غریب اور محدود وسائل کا حامل ہے، جس کے باعث زخمیوں کے علاج کے اخراجات برداشت کرنا ان کے لیے انتہائی مشکل ہو گیا ہے۔علاقہ مکینوں اور عوامی حلقوں نے صوبائی حکومت، ضلعی انتظامیہ اور نصیرآباد کے مخیر حضرات سے اپیل کی ہے کہ متاثرہ خاندان کے زخمی افراد کے فوری اور بہتر علاج کے لیے ہنگامی بنیادوں پر مالی اور طبی معاونت فراہم کی جائے، تاکہ مزید قیمتی جانوں کو ضائع ہونے سے بچایا جا سکے۔عوامی حلقوں نے مطالبہ کیا ہے کہ افسوسناک واقعے کی مکمل تحقیقات کرائی جائیں، متاثرہ خاندان کی فوری مالی معاونت کی جائے اور زخمیوں کو علاج کی تمام ممکنہ سہولیات فراہم کی جائیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں