جھالاوان میڈیکل کالج خضدار میں نمایاں تبدیلیاں، سیکریٹری صحت کے ہدایت پر پرنسپل ڈاکٹر ارشاد احمد نے کالج کے نقشے کو بدل دیا
خضدار(انتخاب نیوز) سیکریٹری صحت بلوچستان مجیب الرحمن پانیزئی کی ہدایت پر جھالاوان میڈیکل کالج خضدار میں اسٹاف کی حاضری یقینی بنانے سمیت کالج میں تعلیمی اور انتظامی سہولیات کی بہتری کے لیے متعدد اقدامات کیے گئے ہیں۔پرنسپل ڈاکٹر ارشاد احمد زہری نے مختصر عرصے میں کالج کی بہتری اور بحالی کے لیے مختلف اقدامات کیے ہیں کالج میں غیر حاضر اسٹاف کی حاضری یقینی بنانے کے ساتھ کالج کے نقشے کو تبدیل کردیا ہے ٹیچنگ اسپتال میں کالج کی جانب سے ڈاکٹرز کی تعیناتی بھی عمل میں لائی گئی ہے جبکہ ٹیچنگ اسپتال میں گرلز ہاسٹل کے قریب لائبریری بھی قائم کی گئی ہے تاکہ طالبات کو مطالعے کے لیے بہتر ماحول میسر آسکے۔کالج میں ٹیچنگ فیکلٹی کی تعیناتی کے لیے بھی اقدامات کیے گئے ہیں جبکہ سی ایم ایچ کے ساتھ معاہدہ بھی طے پایا ہے۔ اس کے علاوہ طلبہ و طالبات کے لیے ٹرانسپورٹ کی سہولت میں اضافہ کیا گیا ہے اور کالج کے مختلف حصوں میں فرنیچر اور ٹھنڈے پانی کی سہولت بھی فراہم کی گئی ہے۔کالج کے ہاسٹل کو سولر سسٹم سے منسلک کیا گیا ہے جبکہ کلاس رومز میں ایئر کنڈیشنرز سمیت دیگر ضروری سہولیات فراہم کی گئی ہیں۔ کالج کی عمارت کی مرمت اور بحالی کے ساتھ رنگ و روغن بھی کیا گیا ہے جس سے کالج کی عمارت کی مجموعی حالت میں بہتری آئی ہے عمارت اور ہاسٹل میں بجلی اور وائی فائی کی سہولت فراہم کی گئی ہے۔ڈاکٹر ارشاد احمد زہری خود کالج میں جاری ترقیاتی اور بحالی کے کاموں کی نگرانی کرتے رہے ہیں اور کالج کے مسائل کے حل کے لیے ضلعی افسران سمیت اعلیٰ حکام سے مسلسل ملاقاتیں اور رابطے کرتے رہے ہیں،کالج کی انتظامی اور تعلیمی سہولیات میں ہونے والی ان تبدیلیوں کو علاقے میں مثبت پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔ مقامی حلقوں کا کہنا ہے کہ مختصر عرصے میں کالج کی عمارت، ہاسٹل اور تعلیمی ماحول میں نمایاں بہتری آئی ہے۔


