لورالائی سے لاپتہ ہونے والے نویں جماعت کے دو طلباءکو بحفاظت کراکر والدین کے حوالے کردیا، پولیس
کوئٹہ (آن لائن) لورالائی پولیس نے سکول جاتے ہوئے لاپتہ ہونے والے 2 کم عمر طلباءکو بازیاب کراکر والدین کے حوالے کردیا پولیس کے مطابق گزشتہ روز لورالائی کے رہائشی 15 اور 16 سالہ طالب علم سکول جاتے ہوئے لاپتہ ہوگئے تھے والدین کی اطلاع پر ڈی آئی جی پولیس لورالائی رینج جنید احمد شیخ کی ہدایات پر ایس ایس پی لورالائی ڈاکٹر فہد کی نگرانی میں پولیس نے فوری طور پر کارروائی کرتے ہوئے موثر رابطوں اور طالب علموں کی لوکیشن کی نشاندہی کرکے دونوں طلباءکو ضلع قلعہ سیف اللہ کے ایک نجی ہوٹل سے بحفاظت بازیاب کرکے قلعہ سیف اللہ پولیس اسٹیشن منتقل کردیا گیا۔ابتدائی معلومات کے مطابق بچوں کو کوئٹہ سے فون آیا کہ ان کے والد بیمار ہیں اور کوئٹہ میں زیر علاج ہیں دونوں کوئٹہ آجاﺅ۔بچوں نے گھر جانے کی بجائے وہ کوئٹہ روانہ ہوگئے ۔لورالائی پولیس اس حوالے سے مزید تحقیقات کررہی ہے۔دونوں طلباءکی بحفاظت بازیابی پر اہلِ خانہ نے ڈی آئی جی پولیس لورالائی رینج جنید احمد شیخ، ایس ایس پی لورالائی ڈاکٹر فہد، ایس ایس پی موسیٰ خیل کلیم اللہ، ایس ایچ او سٹی تھانہ شریف موسیٰ خیل اور دیگر پولیس افسران و اہلکاروں کی بروقت کارروائی، فرض شناسی اور انسانی ہمدردی کو سراہتے ہوئے ان کا شکریہ ادا کیا۔


