عامر خان کے بیٹے کی بالی وڈ ڈیبیو کیلئے کوششیں، آڈیشن میں فیل
جنید خان اپنے والد عامر خان کی فلم ’پی کے‘ میں اسسٹنٹ ڈائریکٹر رہ چکے ہیں اور وہ 3 سال سے تھیٹرز میں کام کررہے ہیں،بالی وڈ میں مسٹر پرفیکشنسٹ کے نام سے مشہور اداکار عامر خان کے جواں سال بیٹے جنید خان فلم کے آڈیشن میں ناکام ہوگئے۔بھارتی فلم نگری میں اقربا پروری کی بحث زوروں پر ہے اور کئی اسٹار اداکاروں کے بچے (موجودہ اداکار) اسی وجہ سے تنقید کی زد میں ہیں۔وہیں بالی وڈ کے مسٹرپرفیکشنسٹ مانے جانے والے عامر خان کے بیٹے جنید خان آڈیشن میں ڈائریکٹر کو متاثر کرنے میں ناکام ہوئے ہیں۔ بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق ملیالم فلم کے ہندی ری میک ’عشق‘ کے لیے جنید خان نے آڈیشن دیا تھا لیکن وہ فلم میں کردار حاصل کرنے میں ناکام رہے۔رپورٹس میں کہا گیا ہے کہ جنید نے کئی بار آڈیشن دیا تاہم انہیں فلموں میں ڈیبیو کرنے کیلئے مزید انتظار کرنا ہوگا۔جنید خان اپنے والد عامر خان کی فلم ’پی کے‘ میں راج کمار ہیرانی کے اسسٹنٹ ڈائریکٹر رہ چکے ہیں اور وہ 3 سال سے تھیٹرز میں بھی کام کررہے ہیں۔خیال رہے کہ جنید خان عامر خان اور رینا دتا کے بیٹے ہیں اور ان کی ایک اور بہن ایرا خان بھی ہیں۔