امریکہ: نومبر کے 10 دن میں 10 لاکھ افراد کرونا وائرس سے متاثر

دنیا بھر میں کرونا وائرس سے سب سے زیادہ متاثرہ ملک امریکہ میں نومبر کے پہلے 10 دن میں 10 لاکھ سے زائد افراد عالمی وبا سے متاثر ہوئے ہیں۔
‘جان ہاپکنز یونیورسٹی’ کے کرونا وائرس ریسورس سینٹر کے مطابق اب تک امریکہ میں کرونا وائرس سے ایک کروڑ سے زائد افراد متاثر ہو چکے ہیں جو کسی بھی ملک میں وبا سے متاثر ہونے والے افراد کی سب سے بڑی تعداد ہے۔
امریکہ کی وسط مغربی ریاستیں اس وقت کرونا وائرس سے زیادہ متاثر ہیں جہاں پر اسپتالوں میں مریضوں کی تعداد ریکارڈ سطح پر پہنچ گئی ہے۔
اعداد و شمار کے مطابق امریکہ میں اسپتالوں میں وبا سے متاثرہ 59 ہزار سے زائد افراد زیرِ علاج ہیں۔
خبر رساں ادارے ‘ایسوسی ایٹڈ پریس’ کے مطابق کرونا وائرس کی نئی لہر بہار اور گرمیوں میں آنے والی لہر سے زیادہ شدید ہے اور حالات کے مزید خراب ہونے کا اندیشہ بھی ظاہر کیا جا رہا ہے۔
‘اے پی’ کے مطابق جہاں اسپتالوں میں مریضوں کی تعداد میں اضافہ ہو رہا ہے وہیں ہلاکتیں بھی آہستہ آہستہ بڑھنے لگی ہیں۔ اس وقت امریکہ میں اوسطاً 930 افراد یومیہ ہلاک ہو رہے ہیں۔
مریضوں کی تعداد میں اضافے کی وجہ سے اسپتالوں پر دباؤ بڑھ رہا ہے۔
‘وینڈربلٹ یونیورسٹی’ کے وبائی امراض کے ماہر ڈاکٹر ولیم شافنر کے مطابق وبا کا پھیلاؤ ملک کے متعدد حصوں میں بے قابو ہو رہا ہے۔
ماہرین کا خیال ہے کہ جہاں حالات مشکل نظر آ رہے ہیں۔ وہیں ملک اس وقت کرونا وائرس سے نمٹنے کے لیے پہلے سے بہتر پوزیشن میں ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں