سی پیک سے پاکستان اور چین کا معاشی انحصار بڑھ رہا ہے،فواد چوہدری
اسلام آباد:وفاقی وزیر سائنس اینڈ ٹیکنالوجی فواد چوہدری نے کہاہے کہ سی پیک سے پاکستان اور چین کا معاشی انحصار بڑھ رہا ہے،دنیا کی پانچ بڑی سولر کمپنیاں چین کی ہیں جن سے قابل تجدید توانائی فروغ پائے گی،کوشش ہے سیالکوٹ کی انڈسٹری اور چین کی انڈسٹری کو منسلک کیا جائے،دونوں ممالک کے درمیان کاروباری تعلقات کو وسعت دینے کی ضرورت ہے۔ بدھ کو سی پیک سیمینار سے وزیر سائنس و ٹیکنالوجی فواد چوہدری نے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ گزشتہ چند سالوں سے سی پیک پاکستان میں ہر بحث میں شامل ہے،سی پیک سے دونوں ممالک کا معاشی انحصار بڑھ رہا ہے۔ انہوں نے کہاکہ سی پیک سے پاکستان کی ساری موٹر وے بنی توانائی بحران ختم ہوا،ہماری حکومت کے دور میں زراعت اور سائنس و ٹیکنالوجی کو سی پیک میں شامل کیا گیا۔ انہوں نے کہاکہ سی پیک کے تحت 11 خصوصی اقتصادی زونز قائم کیے جا رہے ہیں،سائنس و ٹیکنالوجی میں تعاون کو بڑھایا جائے گا۔ انہوں نے کہاکہ چین کو سیمی کنڈیکٹرز انڈسٹری کیلئے پاکستان سے 25 ہزار انجینئرز کی ضرورت ہے،دنیا کی پانچ بڑی سولر کمپنیاں چین کی ہیں جن سے قابل تجدید توانائی فروغ پائے گی۔ انہوں نے کہاکہ چین دنیا بھر میں سولر پینل اور بیٹریاں بنانے کا مرکز ہے،ہم اس مارکیٹ میں چھوٹا سے حصہ چاہتے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ پرانے سیٹھوں کو سبسڈی دینے کی بجائے نئے ٹیکنالوجی کاروباروں کو فروغ دیں،ہم چینی کمپنیوں کو کہہ رہے ہیں کہ سولر پینل بنانے کا کام پاکستان شفٹ کر دیں،ہم سالانہ 30 لاکھ موٹر سائیکل اور رکشا فروخت کرتے ہیں،ہماری کوشش ہے کہ رکشہ اور موٹر سائیکل کو ملک میں تیار کریں۔ انہوں نے کہاکہ سولر پینل اور لیتھیم بیڑی کی ملک میں تیاری کیلئے چینی کمپنیوں کو کہہ رہے ہیں،ملک میں چینی کمپنیوں کو کیمیکل سیکٹر میں سرمایہ کاری کیلئے کوشش کر رہے ہیں،چینی کمپنیوں کو میڈیکل آلات کی تیاری میں سرمایہ کاری کا کہہ رہے ہیں،اب ماسک سے وینٹیلیٹر ملک میں بن رہے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ سیالکوٹ سے 40 کروڑ ڈالر مالیت کی سرجیکل اشیاء کو خرید کر 5 ارب ڈالر میں فروخت کرتے ہیں،کوشش ہے کہ سیالکوٹ کی انڈسٹری اور چین کی انڈسٹری کو منسلک کیا جائے،دونوں ممالک کے درمیان کاروباری تعلقات کو وسعت دینے کی ضرورت ہے۔


