لوگوں کو سود کی طرف مائل کرنیوالے گروہ کیخلاف کارروائی کی جائے، کرسچن کمیونٹی
کوئٹہ: آل پارٹیز کرسچن کمیونٹی کے رہنماؤں نے کہا ہے کہ کوئٹہ میں قمر بھٹی کے ساتھ پیش آنے والا واقعہ انسانیت سوز اور روایات کے خلاف ہے،واقعہ کی ایف آئی آر درج ہونے کے باوجود ملزمان کا گرفتار نہ ہونا باعث تشویش ہے اگر 48گھنٹوں تک ملزمان کو گرفتار نہ کیاگیا تو مسیحی برادری سخت احتجاج پر مجبور ہوگی۔یہ بات بلوچستان عوامی پارٹی کے رہنماء خلیل جارج،جمعیت علماء اسلام کے شہزاد کندن اور ناصر مسیح، جمہوری وطن پارٹی کی زیبا جاوید، نیشنل پارٹی کے انیل غوری، پی ٹی آئی کے مشرف مسیح، بی این پی کے زبیر سمیت دیگر نے ہفتہ کو کوئٹہ پریس کلب میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہی۔ انہوں نے کہا کہ قمر بھٹی کے ساتھ پیش آنے والا واقعہ افسوسناک اور انسایت کی تذلیل ہے واقعہ کی ایف آئی آر میں تین مسیحی برداری کے لوگوں سمیت پانچ افراد کو نامزد کیا گیا ہے جو لوگوں کو سود کی لین دین میں مائل کرکے انہیں بلیک میل کرتے ہیں انہوں نے کہا کہ اس گروہ نے خواتین کی ویڈیوز بھی بنا رکھی ہیں کئی لوگ اس گروہ کی وجہ سے خودکشی بھی کرچکے ہیں انہوں نے کہا کہ مسیحی برادری نے واقعہ کے خلاف کرسچن کو نسل کے نام سے اتحاد بھی بنایا ہے جس کا یہ مطالبہ ہے کہ اقلیتوں کو تحفظ فراہم کرنے کے ساتھ ساتھ ایسے انسانیت سوز واقعات میں ملوث عناصر کے خلاف سخت کاروائی عمل میں لائی جائے، انہوں نے کہا کہ کرسچن کونسل کا مطالبہ ہے کہ 48گھنٹوں میں ملزمان کو گرفتار کیا جائے بصورت دیگر مسیحی برداری سخت احتجاج کریگی، انہوں نے کہا کہ مسیحی برداری محب وطن پاکستانی اور انصاف کے طلب گار ہیں ہمارا کسی سے کوئی تنازعہ نہیں ہے ہم صرف سود مافیا کے خلاف ہیں،


