‘سینیٹ انتخابات ایک ماہ پہلے کروانے سے جاتی ہوئی حکومت کو نہیں بچایا جاسکتا’
حکومت کی جانب سے سینیٹ کے انتخابنات فروری میں کروانے کے اعلان پر مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز نے کہا کہ چونکہ ان کی جماعت پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کا حصہ ہے اس لیے اس حوالے سے حکمت عملی پی ڈی ایم میں مرتب کی جائے گی۔ ‘ لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز نے کہا کہ جب کوئی نالائق، ناکام حکومت عوام کے گھیرے میں آجاتی ہے تو وہ اس طرح کے ہتھکنڈوں پر اتر آتی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ سینیٹ کے انتخابات ایک ماہ پہلے کروالیں یا بعد میں اس سے آپ کی جاتی ہوئی حکومت کو کوئی دوام نہیں ملے گا آپ اپنی جاتی ہوئی حکومت کو نہیں بچا سکتے۔
ان کا کہنا تھا کہ جب عوامی قہر جاگ اٹھتا ہے تو اس طرح کے انتطامات کارگر ثابت نہیں ہوسکتے، اگر آپ کو پی ڈی ایم کی تحریک یا جلسوں سے کوئی فرق نہیں پڑ رہا تو ایسی کیا ایمرجنسی آگئی کہ حکومت کو ایک ماہ قبل انتخابات کروانے کا اعلان کرنا پڑا جو پاکستان کی 73 سالہ تاریخ میں کبھی نہیں ہوا۔
انہوں نے کہا کہ جن اراکین نے 11 مارچ کے بعد حلف اٹھانا تھا انہیں پہلے منتخب کرنے کی منطق سمجھ نہیں آرہی لیکن یہ بات واضح ہے کہ حکومت کے پاس اب کم دن رہ گئے ہیں اس لیے جو بھی ہتھکنڈے استعمال کرلیں گھر تو آپ کو جانا پڑے گا اور جلدی جانا پڑے گا۔


