انڈونیشیا میں فوجیوں کیساتھ جھڑپ میں 3 پولیس اہلکار ہلاک،2زخمی

جکارتہ،انڈونیشیا کے انتہائی مشرقی صوبہ پاپوا میں فوجی اہلکاروں کیساتھ ایک جھڑپ میں 3 پولیس اہلکار ہلاک اور 2 زخمی ہو گئے۔یہ بات صوبائی پولیس کے ترجمان احمد مصطفی کمال نے بتائی۔ترجمان نے کہا کہ یہ واقعہ ضلع میمبرانوریا میں ایک دن قبل پیش آیا۔مقامی میڈیا کی جانب سے پیر کو یہ کہا گیا کہ 3 پولیس اہلکار ہلاک اور 2 زخمی ہوئے ہیں۔انہوں نے کہا کہ یہ جھڑپ ضلع میں پولیس افسران اور فوجی اہلکاروں کے مابین ایک غلط فہمی کی وجہ سے شروع ہوئی۔انہوں نے مزید کہا کہ معاملے کی تحقیقات کیلئے پولیس اور فوجی اہلکاروں پر مشتمل ایک مشترکہ تحقیقاتی ٹیم کو جائے وقوعہ پر تعینات کر دیا گیا ہے۔فوجی اور پولیس اہلکاروں نے مل کر صوبے کو محفوظ بنایا ہے اور دونوں کی صوبے میں علیحدگی پسندوں کیساتھ جھڑپیں ہوتی رہتی ہیں جن میں دونوں فریقین کی جانب سے ہلاکتوں کا دعوی کیا جاتا ہے۔صوبہ پاپوا میں قائم علیحدگی پسند فری پاپوا موومنٹ(او پی ایم)گزشتہ کئی دہائیوں سے گوریلا جنگ کے ذریعے ایک آزاد ریاست کے قیام کے لئے سرگرم عمل ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں