وزیر اعلیٰ بلوچستان نے محکمہ لائیواسٹاک و دیگر محکموں کی سرکاری اراضی واگزار کرانے کا حکم دے دیا

کوئٹہ(انتخاب نیوز)وزیر اعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی کی زیر صدارت محکمہ لائیواسٹاک کا جائزہ اجلاس منعقد ہوا، اجلاس میں حکومت بلوچستان کا لائیواسٹاک و دیگر شعبوں کیلئے گریجویٹس کو چھوٹے قرضے دینے کا فیصلہ کیا، نوجوانوں کو قرضوں کی فراہمی کیلئے ابتدائی طور پر 2ارب روپے مختص کیے جائیں گے، علاوہ ازیں اجلاس میں مال مویشیوں کی ویکسی نیشن کیلئے 36اضلاع میں موبائل یونٹس کی منظوری دی گئی جبکہ وزیر اعلیٰ بلوچستان نے محکمہ لائیواسٹاک و دیگر محکموں کی سرکاری اراضی واگزار کرانے کا حکم دے دیا، سرفراز بگٹی نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ آئندہ سرکاری زمین پر قبضہ ہوا تو متعلقہ ڈی سی کے خلاف کارروائی ہو گی، ایسے افراد کے نام سامنے لائیں جنہوں نے سرکاری عمارتوں پر قبضہ کر رکھا ہے، سرفراز بگٹی نے ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ لائیواسٹاک کی تمام ڈسپنسریوں کے اعداد و شمار جیو ٹیگنگ کے ساتھ پیش کیے جائیں، مقامی سطح پر مال مویشیوں کی ویکسی نیشن کی تیاری شروع کی جائے، نقصان والے سرکاری ڈیری اور پولٹری فارمز پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ یا لیز پر چلائے جائیں۔ بعد ازاں وزیر اعلیٰ نے با اثر شخصیات کے ذاتی استعمال میں سول ویٹرنری اسپتالوں کی تفصیلات طلب کر لیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں