جبری گمشدگیوں کے حوالے سے وزیر قانون کی سربراہی میں خصوصی کمیٹی قائم

اسلام آباد(صباح نیوز) وزیراعظم شہباز شریف کے زیر صدار ت وفاقی کابینہ نے جبری گمشدگیوں کے حوالے سے وزیرقانون کی سربراہی میں خصوصی کمیٹی تشکیل دینے کی منظوری دے دی ہے۔ کمیٹی میں تمام سیاسی پارٹیوں کے کابینہ اراکین شامل ہوں گے۔ یہ کمیٹی تمام متعلقہ ماہرین اور اداروں سے مشاورت کرے گی۔وزارت داخلہ نے منگل کو کابینہ کو اسلام ٓباد ہائی کورٹ کے احکامات کے مطابق جبری گمشدگیوں کے حوالے سے بریفنگ دی۔کابینہ کو بتایا گیا کے جبری گمشدگیوں کے حوالے سے کابینہ کی خصوصی کمیٹی تشکیل دی جا چکی ہے جو ان گمشدگیوں کی وجوہات اور گمشدہ افراد کی تلاش کے لیے کام کرتی ہے۔ اس کے علاوہ تعزیرات پاکستان 1860 کے قوانین میں ترامیم کا بل قومی اسمبلی میں پیش کیا جا چکا ہے جس میں جبری گمشدگی میں ملوث عناصر کے لیے سخت سزایں تجویز کی گیں ہیں۔ اس وقت ترامیمی بل سینیٹ کی قائمہ کمیٹی میں زیر غور ہے۔کابینہ اراکین نے اظہار کیا کہ جبری گمشدگیوں کا مسئلہ آئینی لحاظ سے سنگین نوعیت کا ہے جس کے لیے عملی اقدامات لینے ضرورت ہے۔ تمام شراکت داروں سے مل کر اس کا مستقل حل تلاش کرنا چاہئیے۔وزیراعظم نے کہا کہ جبری گمشدگیاں ایک سنجیدہ مسئلہ ہے جس کی وجہ سے لاقانونیت کی فضا پیدا ہوتی ہے۔کابینہ نے وزیرقانون کی سربراہی میں خصوصی کمیٹی تشکیل دینے کی منظوری دی جس میں تمام سیاسی پارٹیوں کے کابینہ اراکین شامل ہوں گے۔ یہ کمیٹی تمام متعلقہ ماہرین اور اداروں سے مشاورت کرے گی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں