مخصوص نشستوں پر حلف برداری، فیصلے کیخلاف سنی اتحاد کا سپریم کورٹ رجوع کرنے کا اعلان

اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)سنی اتحاد کونسل کے اراکین مخصوص نشستوں پر حلف نہ لینے کے فیصلے پر قائم ہیں، انہوں نے پشاور ہائی کورٹ کے حلف لینے کے فیصلے کے خلاف جاتے ہوئے سپریم کورٹ سے رجوع کرنے کا فیصلہ کر لیا، یاد رہے کہ گزشتہ روز پشاور ہائی کورٹ نے مخصوص نشستوں پر حلف برداری کے کیس میں اپوزیشن ممبران کی درخواست منظور کرتے ہوئے اسپیکر کو ممبران سے حلف لینے کا حکم دے دیا تھا۔تحریری فیصلے میں اسپیکر خیبرپختونخوا اسمبلی کو ممبران سے حلف لینے کا حکم دیا گیا۔تحریری فیصلے میں کہا گیا کہ اسپیکر ممبران کو رول آف ممبرز پر دستخط کی اجازت دے اور مخصوص نشستوں پر منتخب ممبران کو سینیٹ انتخابات میں ووٹ ڈالنے کی بھی اجازت دی جائے۔اس میں کہا گیا کہ 2 اپریل کو ہونی والے سینیٹ انتخابات میں ووٹ ڈالنے کے لیے بھی سہولت فراہم کی جائے۔واضح رہے کہ گزشتہ روز مقدمے کی سماعت جسٹس عتیق شاہ اور جسٹس شکیل احمد نے کی، خیبرپختونخوا کی خواتین اور اقلیتوں کی مخصوص نشستوں پر امیدواروں نے ہائی کورٹ میں رٹ دائر کی تھی، عدالت میں اسپیکر، امیدواروں کے وکلا نے دلائل دیے اور ایڈووکیٹ جنرل نے بھی معاونت کی تھی۔بعد ازاں عدالت نے اس مقدمے میں فیصلہ محفوظ کرلیا تھا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں