عدلیہ میں خفیہ اداروں کی مداخلت کا الزام، حکومت کی جانب سے انکوائری کمیشن بنانے کا اعلان

اسلام آباد (انتخاب نیوز) وفاقی حکومت نے اسلام آباد ہائی کورٹ کے 6 ججز کی جانب سے عدلیہ میں خفیہ اداروں کی مداخلت کے الزام کے خط کے معاملے پر انکوائری کمیشن بنانےکا اعلان کردیا۔ وزیراعظم شہباز شریف کے ہمراہ چیف جسٹس سے ملاقات کے بعد پریس کانفرنس میں وفاقی وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ نے اسلام آباد ہائی کورٹ کے 6 ججز کے خط کے معاملے پر انکوائری کرانےکا اعلان کیا۔ وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ کا کہنا تھا کہ اسلام آباد ہائی کورٹ کے ججز نے سپریم کورٹ ججز کو ایک چٹھی میں شکایات پہنچائی، خط میں کچھ ایسے واقعات کا ذکر کیا جن کا تعلق پچھلی حکومت سے ہے، خط میں پچھلے چیف جسٹس کے دور سے متعلق زیادہ تر چیزیں تھیں،کل چیف جسٹس نے تمام ججز کے فل کورٹ میٹنگ کی، چیف جسٹس نے خواہش کا اظہار کیا کہ وزیراعظم اس معاملے میں گفتگو کریں،اٹارنی جنرل کو کل انفارم کیا گیا اور پھر ایک چٹھی بھی موصول ہوئی۔ ان کا کہنا تھا کہ معاملے کی سنجیدگی کو سامنے رکھتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ میں خود جاﺅں گا، چیف جسٹس اور وزیراعظم کی ملاقات ڈیڑھ گھنٹے جاری رہی، ملاقات میں چیف جسٹس اور سینئر ترین جج جسٹس منصور علی شاہ موجود تھے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں