اورماڑہ میں بارش کی تباہ کاریاں، کچی دیواریں منہدم، دیہات زیر آب، رابطہ سڑکیں ٹوٹ گئیں

اورماڑہ(یو این اے ) ایس ڈی:۔ طوفانی بارشوں نے تباہی مچا دی، شہر میں چار دیواریاں منہدم دیہات پانی میں بہہ گئے، رابطہ سڑکیں ٹوٹ گئیںاورماڑہ میں بدھ اور جمعرات کی درمیانی شب تباہ کن بارشوں نے ہر چیز کو تتر بتر کر کے رکھ دیا ہے۔ کنٹگی لین، اسلامیہ لین اور جونالین محلہ سمیت شہر کے مختلف مقامات تالاب کا منظر پیش کر رہے ہیں۔ جونالین میں دھول سرنائی نامی ندی میں سیلابی ریلے قریب واقع آبادی میں داخل ہو گئے۔ جونالین محلے میں لوگوں کی چار دیواریاں منہدم، باورچی خانے کی چھت گر گئی اور رہائشی گھروں کو شدید نقصان پہنچا ہے جبکہ اسلامیہ لین اور دیگر علاقوں میں بھی متعدد گھروں کو نقصان پہنچنے کی اطلاعات ہیں۔ دوسری جانب اورماڑہ کے دیہی علاقے یونین کونسل 13 بسول میں دوبارہ شدید سیلابی صورتحال پیدا ہونے کی وجہ سے بسول کہوردان کے مختلف دیہاتوں کاپری، چاکر گوٹھ، عیدر گوٹھ اور دیگر علاقوں میں سیلابی ریلے دوسری مرتبہ آبادی میں داخل ہو گئے جس سے لوگوں کو نقل مکانی کرنے پر مجبور ہونا پڑا۔ بسول میں دوسری مرتبہ سیلاب کیوجہ سے لوگوں کی قیمتی فصلیں تباہ ہو گئیں، گھر بار پانی میں بہہ گئے اور لوگوں کو شدید مالی نقصانات کا سامنا کرنا پڑا ہے۔ جبکہ بسول ندی میں سیلابی صورتحال پیدا ہو جانے سے قریبی دیہات سیرکی، ڈاٹ، مل، گور ہڈھ، سید آباد سمیت اورماڑہ کے درجن سے زائد دیہاتوں کا زمینی رابطہ مکمل طور پر منقطع ہو چکا ہے۔ بسول ندی بپھر جانے سے بسول پل کے مقام پر مکران کوسٹل ہائی وے پر شگاف پڑنے سے اورماڑہ شہر کا گوادر سے زمینی رابطہ ٹوٹ گیا ہے جبکہ دوسری جانب پرنسز آف ہوپ کے مقام پر متبادل راستہ سیلاب کی نذر ہونے سے اورماڑہ کا کراچی سے بھی زمینی رابطہ منقطع ہو گیا ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں