پی آئی اے اور اسٹیل مل کو بیچ دینا چاہیے، دکانداروں پر ٹیکس نہ لگا تو سب بے کار ہے، مفتاح اسماعیل
اسلام آباد (انتخاب نیوز) سابق وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل نے کہا ہے کہ ن لیگ کی اندرونی سیاست کی وجہ سے دکانداروں پر ٹیکس کا فیصلہ واپس لیا گیا، کچھ لوگوں کو جیل میں بھیجنا پڑے تو بھیجیں، دکانوں پر ٹیکس نہیں لگاتے تو سب بیکار ہے۔ نجی ٹی کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے مفتاح اسماعیل کا کہنا تھا کہ ابتدا میں ساڑھے 4 ہزار روپے فی دکان سے ٹیکس لینا شروع کرنا چاہیے، کچھ لوگوں کو جیل میں بھیجنا پڑے تو بھیجیں، ریاست کی رٹ قائم کریں۔ مفتاح اسماعیل کا کہنا تھا کہ دکانداروں کی ہڑتال دو دن بھی نہیں چلے گی، جب ایم کیو ایم عروج پر تھی اور ہڑتال کرواتی تھی تب بھی شام کو دکانیں کھل جاتی تھیں، ن لیگ کی اندرونی سیاست کی وجہ سے دکانداروں پر ٹیکس کا فیصلہ واپس لیا گیا، یہ کیسی حب الوطنی ہے کہ ٹیکس نہیں دوں گا، آپ کو مٹھائی دے دوں گا۔ سابق وزیر خزانہ کا کہنا تھا کہ اگر آپ دکانوں پر ٹیکس نہیں لگاتے تو سب بیکار ہے، دکاندار ایک دن دکان بندکرنا افورڈ نہیں کرسکتا، بظاہر نان فائلرز کی سمز بندکرنےکا فیصلہ درست ہے، ان کا کہنا تھا کہ پی آئی اے اور اسٹیل مل کو بیچ دینا چاہیے، حکومت تھوڑے شیئرز اپنے پاس رکھ لے، میں نہیں سمجھتا کہ پبلک پرائیوٹ پارٹنر شپ نجکاری سے بہتر ہے، آئی ایم ایف نے حکومت کو کہا ہے گردشی قرضہ کم کریں، اسٹیل مل کے پاس 19 ہزار ایکڑ زمین تھی دو ہزار ایکڑ پر قبضہ ہوگیا ہے، اسٹیل مل نے 2 سے 4 ہزار ایکڑ پر اپنے ملازمین کی ہاﺅسنگ کالونی بنائی ہے، اسٹیل مل لوہے کے بھاﺅ میں شیرشاہ میں بکے گی۔


