غیر قانونی افغان شہریوں کو ٹکٹ جاری نہ کیے جائیں ، محکمہ ٹرانسپورٹ بلوچستان
ؓٓکوئٹہ ( آئی این پی )صوبائی ٹرانسپورٹ اتھارٹی بلوچستان کوئٹہ کے ایک سرکلر کے مطابق تمام بین الصوبائی و بین اضلاع پبلک سروس وہیکل مالکان کو مطلع کیا جاتا ہے کہموجودہ صورتحال کے پیشِ نظر عوامی جان و مال کے تحفظ، ٹرانسپورٹ کے نظام کو محفوظ بنانے اور کسی بھی ناخوشگوار واقعے کی روک تھام کے لیے تمام ٹرانسپورٹ کمپنیز، مالکان اور متعلقہ انتظامیہ کو ہدایات جاری کی گئی ہےکہ تمام ٹرانسپورٹ کمپنیوں میں کام کرنے والے تمام ڈرائیورز، کنڈکٹرز، ہیلپرز، سیکورٹی گارڈز، مکینکس، منیجرز اور دیگر تمام متعلقہ ملازمین/عملے کے نام، ولدیت، قومی شناختی کارڈ نمبر، مستقل و موجودہ پتہ، موبائل نمبر اور دیگر مطلوبہ کوائف پر مشتمل مکمل فہرست تیار کرکے دفتر ہذا کو دس (10) ایام کے اندر فراہم کریں ، تمام ٹرانسپورٹ کمپنیز کو ہدایت کی جاتی ہے کہ غیر ملکی شہریوں (بغیر قانونی دستاویزات) یا بالخصوص غیر قانونی طور پر مقیم افغان شہریوں کو ٹکٹ جاری نہ کیے جائیں اور نہ ہی انہیں کمپنی کی بسوں کے ذریعے سفر کروایا جائے۔ ٹرانسپورٹ کمپنیز مسافروں کی ٹکٹنگ جاری کرتے وقت مقررہ طریقہ کار کے مطابق ان کا ریکارڈ مرتب کریں اور اس بات کو یقینی بنائیں کہ کسی بھی مسافر کو بغیر شناخت/قانونی تقاضے پورے کیے بغیر سفر کی سہولت فراہم نہ کی جائے۔لہٰذا تمام پبلک سروس وہیکل مالکان/منتظمین کو مطلع کیا جاتا ہے کہ ان ہدایات پر عملدرآمد کو یقینی بنائیں۔ خلاف ورزی کی صورت میں متعلقہ ٹرانسپورٹ کمپنی/مالکان کے خلاف مروجہ قوانین، موٹر وہیکل آرڈیننس 1965 اور موٹر وہیکل رولز 1969 کے تحت قانونی کارروائی ہوگی، جس میں کمپنی کا سیل اور گاڑی کی بندش بھی شامل ہوگی۔


