کے پی میں ایمرجنسی یا گورنر راج لگانے کی تیاریاں، پہلے 12 اضلاع میں ایمرجنسی لگانے کی تجویز
پشاور(مانیٹرنگ ڈیسک) ذرائع کے مطابق خیبرپختونخوا میں ایمرجنسی یا گورنر راج لگانے کے لیے تمام تمام تیاریاں مکمل کر لی گئیں۔ ڈپٹی کمشنرز اور سیکرٹریز سمیت انتظامی تبدیلیوں سے متعلق ہوم ورک مکمل کر لیا گیا ہے، ریجنل اور ڈسٹرکٹ پولیس افسران کی تعیناتیوں سے متعلق بھی فہرست تیار ہو چکی ہے۔ صوبے کے 12 اضلاع میں پہلے ایمرجنسی لگانے کی تجویز بھی زیر غور ہے، ایمرجنسی یا گورنر راج لگانے یا نہ لگانےکا دارومدار اپوزیشن اور حکومت وفد کے درمیان مذاکرات پر ہے، مذاکرات کامیاب ہونے کی صورت میں ایمرجنسی یا گورنر راج نہیں لگایاجائےگا۔وزیراعظم نے آج خیبرپختونخوا کی سکیورٹی سے متعلق اہم اجلاس طلب کرلیا، ایمرجنسی لگانے سے متعلق فیصلے کا امکان ہے، حکومت اور اپوزیشن کے درمیان باضابطہ مذاکرات نہیں ہو رہے لیکن پس پردہ اور خفیہ رابطے بدستور جاری ہیں۔ پی ٹی آئی کے سینئر رہنما آج وزیراعلیٰ کے پی سہیل آفریدی سے ملاقات کر کے تازہ ترین صورتحال پر مشاورت کریں گے۔ بیرسٹر گوہر اور دیگر پارٹی رہنما سہیل آفریدی سے ملاقات کریں گے اور انہیں وفاقی سطح پر ملنے والے پیغامات کے حوالے سے آگاہ کریں گے، ملاقات میں لانگ مارچ سے متعلق گفتگو بھی ہوگی، وزیراعلیٰ اور پی ٹی آئی قیادت کی جانب سے اہم فیصلے لینے کا امکان ہے۔


