اگر ہم عوام کو پانی اور بنیادی سہولیات نہیں دے سکتے تو ایوان میں بیٹھنے کا کوئی جواز نہیں ہے،زرک مندوخیل

کوئٹہ (یو این اے)بلوچستان اسمبلی کے جاری اجلاس میں صوبائی دارالحکومت کوئٹہ میں پانی کی شدید قلت اور ٹینکرز مافیا کی من مانیوں پر رکنِ صوبائی اسمبلی زرک خان مندوخیل نے سخت احتجاج اور شدید تشویش کا اظہار کیا ہے۔ایوان میں اظہارِ خیال کرتے ہوئے رکن اسمبلی زرک خان مندوخیل نے کہا کہ کوئٹہ میں پینے کے پانی کا مسئلہ انتہائی سنگین صورتحال اختیار کر چکا ہے۔ انہوں نے انکشاف کیا کہ ان کے حلقے میں ٹینکرز مافیا سرگرم ہے اور غریب و بے بس شہریوں کو دونوں ہاتھوں سے لوٹ رہا ہے، جبکہ انتظامیہ اس ناانصافی پر خاموش تماشائی بنی ہوئی ہے۔زرک خان مندوخیل نے جذباتی انداز میں ایوان کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ اگر ہم اپنے عوام کو پینے کے صاف پانی جیسی بنیادی انسانی ضرورت بھی فراہم نہیں کر سکتے تو ہمیں اس ایوان میں بیٹھنے کا کوئی حق یا ضرورت نہیں ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ اگر ہم عوام کو پانی سمیت دیگر بنیادی سہولیات کی فراہمی میں مکمل طور پر ناکام رہے تو آئندہ کس منہ سے ان کے پاس ووٹ مانگنے جائیں گے؟ انہوں نے حکومت اور متعلقہ حکام سے مطالبہ کیا کہ کوئٹہ شہر میں پانی کے بحران کے فوری اور پائیدار حل کے لیے ترجیحی بنیادوں پر عملی اقدامات کیے جائیں اور ٹینکر مافیا کا بلا تاخیر قلع قمع کیا جائے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں