پنجگور ،حفیظ گوہر جی علاقائی ثقافت ، اسلامی فن پاروں اور معاشرتی زندگی کے عکاس مصور
پنجگور(بیورو رپورٹ)پنجگور سے تعلق رکھنے والے معروف مصور آرٹسٹ حفیظ گوہر جی، رنگوں کے ذریعے علاقائی ثقافت، اسلامی فن پاروں اور معاشرتی زندگی کی عکاسی کرنے والے باصلاحیت آرٹسٹ ہیں تفصیلات کے مطابق پنجگور سے تعلق رکھنے والے ملک کے معروف اور مصروف آرٹسٹ حفیظ گوہر جی کسی تعارف کے محتاج نہیں۔ وہ اپنے منفرد فن اور تخلیقی صلاحیتوں کے ذریعے رنگوں کی زبان میں اپنے خیالات، احساسات اور مشاہدات کو کینوس پر منتقل کرتے ہیں۔حفیظ گوہر جی کے فن پاروں کی نمائش ملک کے مختلف شہروں اور بیرونِ ملک بھی منعقد ہو چکی ہے، جہاں ان کے تخلیقی کام کو آرٹ کے شائقین کے سامنے پیش کیا گیا۔ ان کے فن پاروں میں علاقائی ثقافت، اسلامی آرٹ، روایتی اقدار اور معاشرے کے مختلف پہلوو¿ں کو خوبصورتی اور گہرائی کے ساتھ اجاگر کیا جاتا ہے۔ان کا فن محض رنگوں اور لکیروں کا امتزاج نہیں بلکہ اس کے ذریعے وہ اپنی سرزمین کی تہذیب، ثقافت، تاریخ اور معاشرتی زندگی کو ایک منفرد انداز میں پیش کرتے ہیں۔ ان کے فن پاروں میں مقامی روایات اور اسلامی طرزِ فن کی جھلک نمایاں دکھائی دیتی ہے۔حفیظ گوہر جی کی فنی سرگرمیاں نہ صرف پنجگور بلکہ بلوچستان کے مثبت تشخص کو بھی اجاگر کر رہی ہیں۔ ان کی کامیابی اس بات کی عکاس ہے کہ بلوچستان کے نوجوانوں اور باصلاحیت افراد میں فنونِ لطیفہ کے میدان میں اپنی صلاحیتوں کے اظہار اور ملک و بیرونِ ملک اپنی پہچان بنانے کا بھرپور جذبہ موجود ہے۔


