نئی منصوبہ بندی کررہے ہیں، کچے میں ڈرون حملے کیے جائیں گے، رہنما پیپلز پارٹی
کراچی (مانیٹرنگ ڈیسک) پیپلز پارٹی کے رہنما ناصر حسین شاہ نے کہا ہے کہ اجلاس میں کراچی اور پورے سند ھ کے امن و امان کے حوالے سے بات ہوئی، جس میں کچے کے ڈاکوں کے حوالے بات ہوئی، صدر زرداری نے امن و امان کے حوالے سے کئی احکامات دیئے، اجلاس میں وفاقی حکومت کی سپورٹ اور سندھ پولیس کو سخت ہدایات دی گئیں کہ کچے کا علاقہ ڈاکووں سے پاک کیاجائے گا۔ کچے میں ڈرون ٹیکنالوجی استعمال ہوگی۔ ناصر حسین شاہ نے کہا کہ جب کوئی بڑا میٹنگ کرتا ہے اور وہ اس مسئلہ کو سنجیدہ لیتا ہے تو جہاں تعریف ہوتی ہے وہاں ڈانٹ ڈپٹ بھی کی جاتی ہے۔ آج کے اجلاس میں کچے کے ڈاکووں کے حوالے سے تفصیلی بات ہوئی ہے کہ ٹارگیٹڈ آپریشن کو کیسے کامیابی سے ہم کنار کیا جائے اس کے لئے ہم نئی منصوبہ بندی سے کچے سے ڈاکووں کا صفایا کردیں گے،آپریشن کے لئے کچے کے علاقے میں ڈرون استعمال کریں گے۔ ٹیکنالوجی کا استعمال کرتے ہوئے ڈاکوو¿ں کے ٹھکانے پر ڈرون حملے کیے جائیں گے۔ ایم کیو ایم کے الزامات پر ناصر حسین شاہ کا کہنا تھا کہ ایم کیو ایم کے جو حالات ہیں اس وجہ سے وہ یہ بیانات دے رہے ہیں کراچی کے جو بھی حالات تھے وہ کن کی وجہ سے خراب تھے بھتہ، بوری بند لاشیں اور فیکٹریوں اور ان میں کام کرنے والوں کو زندہ جلا دیا جاتا تھا۔ ماضی سے موازنہ کریں تو کراچی کےحالات بہت اچھے ہیں، کیونکہ کراچی کے حالات بہت خراب تھے جس کو بہتر کرنے میں سندھ پولیس ،رینجرز اور شہریوں نے بھی بڑی قربانیاں دیں ہیں۔ انکا مزید کہنا تھا کہ بلاول بھٹو کا ویژن ہے کہ کچے میں جنگلات لگاکر وہاں کے لوگوں کو لیز پر زمینیں دیں گےتاکہ وہ لوگ خوشحالی کے ساتھ پر امن طریقے سے رہ سکیں۔


