ڈاکٹر حکیم لہڑی کی وفات بلوچ قومی سیاست اور جدوجہد کے لیے ایک بڑا نقصان ہے، مالک بلوچ

کوئٹہ(این این آئی) نیشنل پارٹی کے سربراہ ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ نے بلوچ قومی سیاست کے عظیم و بزرگ سیاسی رہنما ڈاکٹر حکیم لہڑی کے انتقال پر گہرے رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ ڈاکٹر حکیم لہڑی نے اپنی پوری زندگی بلوچ قومی حقوق، سیاسی شعور اور قومی جدوجہد کے لیے وقف کر دی تھی۔ ان کی وفات بلوچ قومی سیاست اور جدوجہد کے لیے ایک بڑا نقصان ہے، جس کا خلا طویل عرصے تک محسوس کیا جائے گا۔ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ نے کہا کہ ڈاکٹر حکیم لہڑی ایک بااصول، نظریاتی اور مخلص سیاسی رہنما تھے، جنہوں نے مشکل ترین حالات میں بھی اپنی سیاسی وابستگی اور قومی نظریے پر سمجھوتہ نہیں کیا۔ انہوں نے اپنی فکری بصیرت، سیاسی جدوجہد اور اصولی مو¿قف کے ذریعے بلوچ معاشرے میں سیاسی شعور کے فروغ اور قومی حقوق کی جدوجہد میں اہم کردار ادا کیا۔ ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ نے کہا کہ ڈاکٹر حکیم لہڑی نے سیاست کو ذاتی مفاد کے بجائے عوامی خدمت، قومی حقوق اور جمہوری اقدار کا ذریعہ سمجھا اور اسی اصول پر آخری دم تک کاربند رہے۔ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ نے مرحوم کی قومی و سیاسی خدمات کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے مرحوم کے اہلِ خانہ، سیاسی رفقا اور تمام سوگواران سے دلی تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ مرحوم کو جوارِ رحمت میں جگہ عطا فرمائے اور پسماندگان کو یہ صدمہ برداشت کرنے کی توفیق دے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں