وزیر اعلیٰ بلوچستان اور وزراءدہشتگردی کا لیبل استعمال کرکے اپنی ناکامیوں پر پردہ ڈالنے کے بجائے عوام کو امن فراہم کرنے پر توجہ دیں، جمعیت

کوئٹہ/اسلام آباد ( این این آئی)جمعیت علماءاسلام بلوچستان کے صوبائی امیر سینیٹر مولانا عبدالواسع،صوبائی سیکرٹری جنرل سابق رکن قومی اسمبلی آغا محمود شاہ نے کہا ہے کہ وزیر اعلیٰ بلوچستان اور وفاقی وزراءدہشت گردی کا لیبل استعمال کرکے اپنی ناکامیوں پر پردہ ڈالنے کے بجائے عوام کو امن و سکون فراہم کرنے پر توجہ دیں۔ قائد جمعیت مولانا فضل الرحمٰن نے پاکستان میں اقتدار اور ہر سطح پر مناصب کی پیشکشوں کو مسترد کرکے حقیقی اپوزیشن کا کردار ادا کیا ہے۔ مولانا فضل الرحمٰن نے ہمیشہ ملک کی سالمیت، جمہوریت، آئین کی بالادستی اور عوامی حقوق کی بات کی ہے۔ بلوچستان اور خیبر پختونخوا میں دہشت گردی اور بدامنی کے حوالے سے ان کا مو¿قف زمینی حقائق پر مبنی ہے، جس سے انکار نہیں کیا جا سکتا۔ حکمران اقتدار میں رہتے ہوئے مولانا فضل الرحمٰن کے مو¿قف کی مخالفت کرتے ہیں، لیکن اقتدار سے محرومی کے بعد انہی حقائق کا اعتراف کرنے لگتے ہیں۔ بلوچستان میں امن و امان کی صورتحال کسی سے پوشیدہ نہیں؛ صوبائی دارالحکومت کوئٹہ سمیت مختلف علاقوں میں عوام عدم تحفظ کا شکار ہیں۔ حکومت کی بنیادی ذمہ داری عوام کی جان و مال کا تحفظ یقینی بنانا ہے، اس لیے تنقید کا جواب دینے کے بجائے عملی اقدامات کیے جائیں۔ جمعیت علماءاسلام کی سیاسی جدوجہد منفی پروپیگنڈے سے متاثر نہیں ہو سکتی۔ پنجاب سمیت ملک کے مختلف حصوں میں جمعیت علمائ اسلام کے کامیاب عوامی اجتماعات کے بعد سوشل میڈیا پر منفی مہم شروع کردی جاتی ہے، جس میں بعض سیاست دانوں، یوٹیوبرز اور صحافیوں کے ذریعے جماعت اور اس کی قیادت کو نشانہ بنایا جاتا ہے۔ مولانا فضل الرحمٰن ایسی مہمات سے بے نیاز ہوکر پاکستان کی سالمیت، استحکام، آئینی بالادستی اور عوامی حقوق کے لیے جدوجہد جاری رکھیں گے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں