کوئٹہ، شاہ وکشاہ اور سرکی روڈ پر دکانوں میں آتشزدگی، میٹروپولیٹن فائر بریگیڈ کی بروقت کارروائی
کوئٹہ (آئی این پی) صو با ئی دارالحکومت کو ئٹہ کے شاہ وکشاہ روڈ اور سرکی روڈ پر دکانوں میں آتشزدگی کے واقعات پر میٹروپولیٹن فائر بریگیڈ کے عملے نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے آگ پر قابو پالیا اور قریبی کمرشل دکانوں کو بڑے نقصان سے محفوظ بنا لیا۔ڈائریکٹر فائر سروسز عبدالحق خان اچکزئی کے مطابق شاہ وکشاں روڈ پر ایک دکان میں آگ لگنے کی اطلاع ملتے ہی میٹروپولیٹن فائر بریگیڈ کی گاڑیوں اور عملے کو فوری طور پر جائے وقوعہ پر روانہ کیا گیا، جہاں فائر فائٹرز نے پیشہ ورانہ مہارت کا مظاہرہ کرتے ہوئے آگ پر قابو پالیا اور اردگرد کی کمرشل آبادی کو بڑے نقصان سے بچا لیا۔انہوں نے بتایا کہ سرکی روڈ پر ایک پرچون کی دکان میں بھی شارٹ سرکٹ کے باعث آگ لگنے کی اطلاع پر فائر بریگیڈ کے عملے نے فوری کارروائی کی اور آگ کو قریبی دکانوں تک پھیلنے سے روک دیا۔عوامی حلقوں نے میٹروپولیٹن فائر بریگیڈ کی بروقت کارروائی اور پیشہ ورانہ کارکردگی کو سراہتے ہوئے عملے کی خدمات کو قابلِ تحسین قرار دیا۔


