خضدار، نال میں400 فٹ گہری بورنگ میں گرنے والے بچے کی لاش نکال لی گئی
خضدار(بیورورپورٹ)خضدار،نال میں افسوسناک واقعہ میں 400 فٹ سے زائد گہری بورنگ میں گرنے والے بچے کی لاش نکال لی گئی تفصیلات کے مطابق نال کے علاقے میں معصوم بچہ کھلے بورنگ میں گرکر جاں بحق ہو گیاتھا واقعے کی اطلاع ملتے ہی ڈپٹی کمشنر خضدار عبدالرزاق ساسولی نے فوری نوٹس لیا ڈپٹی کمشنر کی ہدایت پر اسسٹنٹ کمشنر نال عبداللہ مینگل کی سربراہی میں مقامی انتظامیہ اور ریسکیو ٹیمیں فوری طور پر جائے وقوعہ پر پہنچ گئی مقامی ٹیموں نے بچے کو نکالنے کے لیے بھرپور کوشش کی تاہم بورنگ کی گہرائی انتہائی زیادہ ہونے کے باعث انہیں شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑاذرائع کے مطابق بورنگ کی گہرائی تقریباً 400 فٹ تھی جس کی وجہ سے عام آلات سے بچے تک پہنچنا ممکن نہ ہوسکا جس کے بعد خصوصی اور پیشہ ورانہ مہارت رکھنے والی ریسکیو ٹیم کو طلب کیا گیا جس نے جدید آلات کی مدد سے آپریشن کا آغاز کیاکئی گھنٹے جاری رہنے والے انتہائی مشکل اور صبر آزما آپریشن کے بعد ریسکیو ٹیم نے کامیابی حاصل کرلی ریسکیو ٹیم نے پیشہ ورانہ مہارت کا مظاہرہ کرتے ہوئے بچے کی لاش کو بورنگ سے باہر نکال لیا واقعے کے بعد علاقے میں سوگ کی فضا چھا گئی ہےجبکہ ضلعی انتظامیہ نے کھلے بورنگز کو فوری بند کرنے کی ہدایت جاری کر دی ہے۔


