وزارتِ اطلاعات نے حوثیوں کے خلاف پاکستان فضائیہ کے استعمال کی خبر کو جھوٹ قرار دے دیا

پاکستان کی وفاقی وزارتِ اطلاعات نے امریکی اخبار نیویارک ٹائمز میں یمن کے حوثیوں کے خلاف کارروائیوں میں پاک فضائیہ کے طیاروں کے استعمال ہونے سے متعلق خبر کو من گھڑت قرار دیا ہے۔وفاقی وزارتِ اطلاعات نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ نیویارک ٹائمز کی رپورٹ میں کیے گئے دعوے غلط ہیں۔ بیان کے مطابق عالمی میڈیا کو قیاس آرائیوں پر مبنی رپورٹنگ سے گریز کرنا چاہیے۔وفاقی وزارتِ اطلاعات کا یہ ردعمل نیویارک ٹائمز میں شائع ہونے والی ایک رپورٹ کے بعد سامنے آیا ہے جس میں دعویٰ کیا گیا تھا کہ ایک سینئر پاکستانی فوجی عہدیدار نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بتایا ہے کہ یمن میں حوثیوں کے خلاف حملوں میں پاکستانی فضائیہ کے لڑاکا طیارے استعمال کیے جا رہے ہیں۔

نیویارک ٹائمز میں بدھ کو شائع ہونے والی رپورٹ میں سعودی عرب کے دارالحکومت ریاض میں ہونے والے حالیہ دھماکوں کے تناظر میں یمن میں حکومتی فورسز اور حوثی ملیشیا کے درمیان جاری لڑائی میں شدت کا تذکرہ کیا گیا تھا۔رپورٹ میں ایک اور پاکستانی عہدیدار کے حوالے سے بھی دعویٰ کیا گیا ہے کہ انہوں نے بتایا ہے کہ یمن کے تنازع میں پاکستان کا کردار زمینی کارروائی کے بجائے فضائی معاونت تک محدود رہنے کی توقع ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں