افغانستان میں 25 دہشت گرد تنظیمیں سرگرم ہیں جو دنیا کے امن کے لیے ایک بڑا خطرہ ہیں، محسن نقوی کا سیکریٹری جنرل اقوام متحدہ سے گفتگو
وزیراعظم اور فیلڈ مارشل سے ملاقات کے بعد اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوتریس نے اسلام آباد میں وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی اور وزیر مملکت برائے داخلہ طلال چوہدری سے ملاقات کی، جس میں عالمی و علاقائی صورتحال، دہشت گردی کے خطرات اور اقوام متحدہ کے امن مشنز سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ملاقات کے دوران محسن نقوی نے کہا کہ پاکستان دہشت گردی کے خلاف عالمی جنگ میں صفِ اول کا کردار ادا کر رہا ہے۔ ان کے بقول افغانستان میں اس وقت 25 دہشت گرد تنظیمیں سرگرم ہیں جو نہ صرف خطے بلکہ دنیا کے امن کے لیے بھی ایک بڑا خطرہ ہیں۔وزیر داخلہ نے کہا کہ عالمی برادری کو اس خطرے سے نمٹنے کے لیے مشترکہ حکمتِ عملی اختیار کرنا ہوگی۔ انھوں نے اس عزم کا اظہار بھی کیا کہ پاکستان اقوام متحدہ کے امن مشنز میں اپنا بھرپور کردار جاری رکھے گا۔محسن نقوی نے کہا کہ پاکستانی پولیس افسران اور اہلکار بھی اقوام متحدہ کی پولیس فورس کا حصہ ہیں، جبکہ پاکستان امن مشنز کے دوران اب تک 181 جانوں کی قربانی دے چکا ہے۔اس موقع پر انتونیو گوتریس نے اقوام متحدہ کے امن مشنز میں پاکستان کے کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ عالمی امن کے لیے پاکستان کی خدمات قابلِ ستائش ہیں اور امن مشنز میں اس کی شمولیت ہمیشہ نمایاں رہی ہے۔ملاقات کے اختتام پر وزیر داخلہ نے قدرتی آفات کے دوران پاکستان کی مدد اور معاونت پر اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل کا شکریہ ادا کیا۔ ملاقات میں سپیشل سیکریٹری داخلہ، ایڈیشنل سیکریٹری داخلہ اور وزارتِ داخلہ کے دیگر اعلیٰ حکام بھی موجود تھے۔


