وڈھ میں جھالاوان عوامی پینل کے لوگوں کو انتخابی افسر لگا کر دھاندلی کا منصوبہ بنایا گیا، بی این پی

کوئٹہ (یو این اے) بلوچستان نیشنل پارٹی کے مرکزی سینئر نائب صدر ساجد ترین ایڈووکیٹ نے کہا ہے کہ 21 اپریل کو وڈھ میں ہونے والے ضمنی انتخاب کے موقع پر ایک بار پھر درپردہ قوتیں لوگوں کو آپس میں دست و گریبان کرکے نتائج حاصل کرنے کی کوشش کررہی ہے تاکہ حقیقی اور سیاسی نمائندوں کا راستہ روک کر مصنوعی قیادت کو آگے لایا جاسکے جو صوبے کی خدمت نہیں بلکہ دشمنی کے مترادف ہے۔ اس لئے جانبدار ڈپٹی کمشنر اور ڈی آر او، آر اوجھالاوان عوامی پینل کے 20 لوگوں کو پولنگ آفیسر لگایا گیا ہے جس کے بارے میں ہم نے تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے الیکشن کمیشن اور چیف سیکرٹری آگاہ کردیا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعرات کو کوئٹہ پریس کلب میں پریس کانفرنس کے دوران کیا۔ اس موقع پر سابق رکن اسمبلی اختر حسین لانگو، غلام نبی مری، چیئرمین جاوید بلوچ، غلام رسول مینگل، میر وحید لہڑی سمیت دیگر بھی موجود تھے۔ انہوں نے کہا کہ 8 فروری کو بی این پی کے مینڈیٹ کو زور زبرستی چھینا گیا اب 21 اپریل کو ہونے والے ضمنی الیکشن میں ہمارا راستہ روک کر مخالف امیدوار کو دھاندلی کے ذریعے جتوانے کی کوشش کی جارہی ہے ہم نے الیکشن کمیشن اور چیف سیکرٹری کو تحفظا ت سے آگاہ کیا لیکن کوئی شنوائی نہیں ہوئی اسٹیشبلمنٹ لوگوں کو آپس میں لڑانے کی کوشش کررہی ہے ضمنی الیکشن میں جھالاوان عوامی پینل کے 20 لوگوں کو پریزائیڈنگ آفیسر لگاکر دھاندلی کا منصوبہ بنایا گیا ہے ہم نے پارلیمانی سیاست کے ذریعے جدوجہد کی اور آپس میں اتحاد و قربت کیلئے قربانیاں دی ہیں۔ بی این پی کے قائدین اور کارکنوں نے ہر دور میں قربانی دی ہے جو کہ تاریخ کا حصہ ہے۔ اسٹیبلشمنٹ سیاست سے دستبردار ہونے کا اعلان کرتی ہے لیکن درپردہ رہ کر حقیقی سیاسی جماعتوں کا راستہ روکنے میں مصروف ہے۔ 50 فیصد لوگ پارلیمانی سیاست سے متنفر ہوچکے ہیں لیکن ہم نے ہمیشہ سب کو متحد رکھنے اور پارلیمان اور سیاسی پلیٹ فارم کے ذریعے مسائل کے حل کو یقینی بنانے کی جدوجہد اور کوشش کی ہے لیکن اپنے اصولی موقف سے پیچھے نہیں ہٹے۔ اگر ڈیتھ اسکواڈ کوزبردستی جتوانے کی کوشش کی گئی تو حالات مزید خراب ہوں گے جس کی تمام تر ذمہ داری متعلقہ حکام پر عائد ہوگی۔8 فروری کے الیکشن تاریخ کی بدترین دھاندلی زدہ اور نیشنل انٹر نیشنل سطح پر اس کو مسترد کردیا گیا ہے ہماری جیتی ہوئی سیٹوں کو ہار میں تبدیل کردیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ پشین چمن میں جلسے ہوئے ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ حالیہ انتخابات میں جن ڈی آر اوز، آر اوز نے مینڈیٹ چرانے میں کردار ادا کیا ہے ان کی لسٹیں تیار کی ہے تاکہ ان کا آنے والے وقت میں انتخابات میں راستہ روکا جاسکے اور ان کے خلاف کارروائی کیلئے چارج شیٹ تیار کی گئی ہے۔ ایک اور سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ تحفظ آئین پاکستان تحریک شروع کی ہے جس کا مقصد آئین کی پاسداری کو یقینی بنانا ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں