بی این پی کا وڈھ دھرنا، حکومت پی بی 20 انتخاب میں ماحول خراب کرنا چاہتی ہے،اختر مینگل

وڈھ(نمائندہ انتخاب) ضمنی انتخابات پی بی 20 آر او کی پولنگ اسٹاف تعیناتی کے خلاف بلوچستان نیشنل پارٹی کے سربراہ اختر جان مینگل کا ڈی سی خضدار کے دفتر میں دھرنا دینے کا اعلان کر دیا ، تفصیلات کے مطابق جلسہ عام بمقام وڈھ پر منعقد ہوا جس سے خطاب کرتے ہوئے اختر مینگل کا کہنا تھا کہ 21 اپریل کے الیکشن میں قبل از وقت دھاندلی کا منصوبہ بنایا جارہا ہے جسکو عوامی طاقت سے شکست دینگے، پریزائیڈنگ آفیسرز اگر اس طرح کی منصوبہ کا حصہ ہونگے تو عوامی غیض و غضب انہیں بہاکر لے جائے گی۔ان کا مزید کہنا تھا کہ ڈپٹی کمشنر فریق بننے کے بجائے منصفانہ انتخابات کیلئے کردار ادا کرے جب وہ فریق بنیں گے تو آج ہی سے ہم انکے مہمان ہونگے، بلوچستان بدامنی کے شدید لپیٹ میں ہے مگر حکومت انتخابی دھاندلی کے بارے فکرمند ہے، زمیندار اور عوام بجلی کیلئے ترس رہے ہیں، حکومت کابینہ تشکیل دینے میں وقت صرف کررہی ہے۔ہم نے پہلے بھی اس نشست سے کامیابی حاصل کی اب بھی ان شاءاللہ بھاری اکثریت سے کامیابی حاصل کرینگے۔اختر مینگل کا کہنا تھا کہ عوامی رائے کو سبوتاڑ کرنے کی کوشش کی گئی تو پورا بلوچستان سڑکوں پر ہوگا۔حکومت پی بی 20 میں پرامن الیکشن کے بجائے ماحول کو مزید خراب کرنےکی جانب لیجانا چاہتی ہے مگر یہاں کی عوام پرامن ہےاپنی رائے پر کسی کو مسلط ہونے نہیں دیگی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں