پشتونخوا میپ کی پی بی 50 پر میر وائس خان اچکزئی کو ووٹ دینے کی اپیل

کوئٹہ (یو این اے) پشتونخوا ملی عوامی پارٹی کے صوبائی سیکرٹریٹ کے پریس ریلیز میں ضلع قلعہ عبداللہ کے تمام غیور ، باشعور ، قوم دوست ، وطن دوست ، جمہوریت پسند عوام سے اپیل کی گئی ہے وہ آج پی بی50کے دوبارہ انتخابات میں پارٹی کے امیدوار میروائس خان اچکزئی کے حق میں اپنا ووٹ استعمال کرتے ہوئے پارٹی کے انتخابی نشان ”درخت “ پر مہر لگائیں ۔ بیان میں کہاگیا ہے کہ صوبائی حکومت ، ضلعی انتظامیہ کی ذمہ داری ہے کہ وہ امن وامان کا قیام یقینی بناتے ہوئے عوام کو پر امن ماحول میں ووٹ ڈالنے کا موقع فراہم کرے ۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ 8فروری کے انتخابات میں فارم 45کے مطابق پارٹی نے اس حلقے سے بھاری اکثریت سے کامیابی حاصل کی تھی لیکن فارم47کے ذریعے تیسرے پوزیشن پر آنیوالے امیدوا ر کی کامیابی کا اعلان عوام کے حق رائے دہی پر بدترین انداز میں ڈاکہ تھا ۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ اس زر اور زور کے دھاندلی زدہ انتخابات اور فارم 47کے غیر آئینی ، غیر جمہوری نتائج کے خلاف الیکشن کمیشن نے دوبارہ پی بی 50پر دوبارہ انتخابات کااعلان کردیا ۔ حلقے کے تمام قومی سیاسی جمہوری عوام کی ذمہ داری بنتی ہے کہ زر اور زور کے منفی حربے کا جواب اپنے ووٹ کی پرچی سے دینگے ۔ بیان میں پارٹی کے امیدوار کی حمایت کرنیوالے سیاسی جمہوری جماعتوں ،عوام کا شکریہ ادا کیا گیا ہے اور امید کی گئی ہے کہ وہ اپنا ووٹ پارٹی کے امیدوار کے حق میں استعمال کرینگے ۔ انتخابی مہم کے دوران مختلف سیاسی پارٹیوں سے مستعفی ہوکر پشتونخوامیپ میں شمولیت کرنیوالوں کو بروقت درست فیصلے پر داد تحسین پیش کیا گیا ہے اورپارٹی ضلع قلعہ عبداللہ کے تمام کارکنوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ آج کے انتخابات میں کامیابی کیلئے قومی ، سیاسی ، جمہوری طرز پرپارٹی امیدوار کی کامیابی کیلئے اپنی صلاحیتوں کو بروئے کار لائیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں