گندم درآمد اسکینڈل، تحقیقاتی کمیٹی کی انوار الحق کاکڑ اور محسن نقوی کو طلب کرنے کی خبروں کی تردید

اسلام آباد (انتخاب نیوز) گندم درآمد اسکینڈل کی تحقیقات کرنے والی کمیٹی نے سابق نگران وزیراعظم اور سابق نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی کو طلب کرنے کی خبروں کی تردیدکردی۔ سیکرٹری وفاقی کابینہ اور گندم اسکینڈل کی تحقیقات کرنے والی کمیٹی کے سربراہ کامران افضل کا کہنا ہے کہ گندم انکوائری کمیٹی میں سابق نگران وزیراعظم کو طلب نہیں کیا گیا اور نہ سابق نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی کو طلب کیا گیا ہے۔ کامران افضل کا کہنا ہے کہ نگران وزیراعظم کو طلب کیے جانے کی خبر میں کوئی صداقت نہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ میں اپنے دائرہ کار میں رہ کر کام کر رہا ہوں، میری انکوائری سے متعلق غلط خبریں چلائی جا رہی ہیں۔ خیال رہے کہ گندم درآمد اسکینڈل کی تحقیقات کرنے والی کمیٹی نے سابق نگران وفاقی وزیر خزانہ شمشاد اختر کو کل طلب کرلیا ہے۔ ذرائع کے مطابق نگران دور کے سیکرٹری فوڈ سکیورٹی محمد محمود انکوائری کمیٹی کے سامنے پیش ہوگئے ہیں اور انہوں نے کمیٹی کو بیان ریکارڈ کروا دیا ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں