مزید 1300ارب روپے کے ٹیکس عائد کیے جائیں، آئی ایم ایف کا نیا مطالبہ

اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)عالمی مالیاتی ادارے(آئی ایم ایف) نے مزید ٹیکس لگانے کا مطالبہ کر دیا، تفصیلات کے مطابق آئی ایم ایف نے پاکستان سے 1300ارب روپے کے اضافی ٹیکس عائد کرنے کا مطالبہ کیا ہے، دوسری جانب پاکستان نے آئی ایم ایف کے ساتھ 4 سالہ نئے پروگرام کیلئے مذاکرات شروع کردیے گئے جس کے بعد 8 ارب ڈالر ملنے کی توقع ہے، نئے ٹیکسوں کا نصف تنخواہ دار طبقے اور کاروباری افراد سے وصول کرنے کا مطالبہ کیا گیا ہے۔رپورٹ کے مطابق اگر آئی ایم ایف کے مطالبے کو قبول کرلیا گیا تو فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) کا سالانہ ہدف 12.3 ٹریلین روپے تک پہنچ جائے گا۔1.3 ٹریلین روپے کے اضافی ٹیکس آئندہ سال کی معیشت کے حجم کے ایک فیصد کے برابر ہیں۔ حکومتی ذرائع نے بتایا کہ آئی ایم ایف تنخواہ دار اور کاروباری افراد سے نصف اضافی ٹیکس کی وصولی کا مطالبہ کررہا ہے۔ذرائع کا کہنا تھا کہ آئی ایم ایف نے اپنی حتمی ٹیکس رپورٹ حکومت کے ساتھ شیئر کی ہے جس میں اس نے تنخواہ دار افراد کے لیے انکم ٹیکس سلیبس کی تعداد کم کرکے 4 کرنے کی سفارش کو برقرار رکھا ہے۔ اگر حکومت اس سفارش کو قبول کر لیتی ہے تو اس سے تنخواہ دار اور کاروباری افراد پر ٹیکس کا بوجھ بڑے پیمانے پر بڑھ جائے گا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں