نئے ڈویژن اور اضلاع کا قیام، مسائل سے توجہ ہٹانے کیلئے افراتفری کاماحول پیدا کیا جارہا ہے، نواب اسلم رئیسانی
کوئٹہ(آن لائن)سر سرداران سراوان نواب محمد اسلم خان رئیسانی نے کہا ہے کہ بلوچستان کے اصل مسائل سے توجہ ہٹانے کیلئے صوبے میں افراتفری کاماحول پیدا کیا جارہا ہے، مستونگ اور کچھی کی تاریخی وانتظامی حیثیت کو تبدیل کرنے کیخلاف تمام اسٹیک ہولڈز اور ذمہ داران کا جرگہ طلب کریں گے، یہ بات انہوں نے بدھ کوسراوان ہاﺅس میں نیشنل پارٹی کے صوبائی صدر اسلم بلوچ سے ملاقات میں گفتگو کرتے ہوئے کہی، اس موقع پر سینئر سیاست دان وسابق سینیٹر نوابزادہ حاجی میر لشکری خان رئیسانی بھی موجود تھے۔ نواب محمد اسلم خان رئیسانی نے مزید کہاکہ بلوچستان کے اصل مسائل سے توجہ ہٹانے کیلئے صوبے میں افراتفری کاماحول پیدا کیا جارہاہے، مستونگ کی اپنی ایک تاریخی حیثیت اور کچھی کا ایک تاریخی پس منظر ہے،مستونگ اور کچھی کی تاریخی وانتظامی حیثیت کی تبدیلی تاریخی حقائق کیخلاف ایک بہت بڑی سازش ہے، انہوں نے کہاکہ مستونگ اور کچھی کے تمام ذمہ داران اور اسٹیک ہولڈرز کا بہت جلد ایک جرگہ طلب کریں گے، آج کی حکومت کی جانب سے صوبے کے لوگوں کوان کے تاریخی وجود سے محروم کرنے کی کوششوں کی مذمت کرتے ہیں۔


