مستونگ کو کوئٹہ ڈویژن میں شامل کرنا غیر دانشمندانہ فیصلہ ہے، محرومیوں اور بے چینی میں مزید اضافہ ہوگا، ڈاکٹر اسماء منظور
مستونگ (پ ر) بلوچستان نیشنل پارٹی کی سی ای سی ممبر ڈاکٹر اسماءمنظور بلوچ نے کہا کہ مستونگ کے عوام، خصوصاً نوجوان، پہلے ہی تعلیم، روزگار اور بنیادی سہولیات کی کمی کا شکار ہیں۔ ریاستی پالیسیوں نے مسلسل اس خطے کو نظرانداز کیا ہے، اور اب انتظامی سطح پر ایسے فیصلے مسلط کیے جا رہے ہیں جو مقامی عوام کی خواہشات اور مفادات کے سراسر خلاف ہیں۔ ڈاکٹر اسماءمنظور بلوچ نے مزید کہا کہ بلوچستان کے عوام کو بار بار ایسے فیصلوں کا سامنا کرنا پڑتا ہے جن میں نہ تو ان سے مشاورت کی جاتی ہے اور نہ ہی ان کی ضروریات کو مدنظر رکھا جاتا ہے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ حکومت فوری طور پر اس فیصلے پر نظرثانی کرے اور مستونگ کے عوام کی رائے اور حقوق کا احترام یقینی بنایا جائے۔ انہوں نے خبردار کیا کہ عوامی امنگوں کے برعکس کیے گئے فیصلے خطے میں مزید سیاسی اور سماجی بحران کو جنم دے سکتے ہیں، جس کی تمام تر ذمہ داری متعلقہ حکام پر عائد ہوگی۔


