ڈاکٹر عبدالحئی بلوچ کی جدوجہد اور سیاسی بصیرت آج بھی سیاسی کارکنوں کیلئے مشعل راہ ہے، اسرار اللہ زہری
کوئٹہ (پ ر) بلوچستان نیشنل پارٹی (عوامی) کے مرکزی صدر میر اسرار اللہ زہری نے ڈاکٹر عبدالحئی بلوچ کی برسی کے موقع پر انہیں ایک مدبر، باوقار اور اصول پسند بلوچ قوم پرست رہنما قرار دیتے ہوئے کہا کہ ڈاکٹر عبدالحئی بلوچ کی سیاست فکری پختگی، جمہوری اقدار اور قومی حقوق کے آئینی و سیاسی جدوجہد سے عبارت تھی۔ وہ دلیل، برداشت اور شعوری سیاسی عمل کے علمبردار تھے جنہوں نے طلبہ سیاست سے اپنی جدوجہد کا آغاز کیا اور بلوچ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن کی بنیاد رکھ کر بلوچ قومی تحریک کی فکری و تنظیمی ترقی میں تاریخی کردار ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ ڈاکٹر عبدالحئی بلوچ کی سنجیدہ، متوازن اور باشعور قیادت، ان کی قربانیاں اور مسلسل جدوجہد نے نہ صرف سیاسی کارکنوں بلکہ ایک پوری نسل کی فکری تربیت میں اہم کردار ادا کیا۔ انہوں نے منظم نظریاتی اور جمہوری سیاست کو فروغ دیا اور ہمیشہ آئینی و سیاسی راستے کو ترجیح دی۔ انہوں نے مزید کہا کہ ڈاکٹر عبدالحئی بلوچ کی برسی ہمیں ان کے فکر، کردار اور اصولی سیاست کو یاد کرنے کا موقع فراہم کرتی ہے۔ ان کی جدوجہد اور سیاسی بصیرت آج بھی سیاسی کارکنوں کے لیے مشعلِ راہ ہے اور نئی نسل کے لیے رہنمائی کا ایک مستقل سرچشمہ بنی رہے گی۔


