ایران کے پاس اپنا دفاع کرنے کے سوا کوئی چارہ نہیں، ایرانی صدر
ویب ڈیسک : ایران کے صدر مسعود پزشکیان نے کہا ہے کہ ایران مشرقِ وسطیٰ میں ہمسایہ ممالک کی خودمختاری کا احترام کرتا ہے، تاہم امریکی و صہیونی فوجی جارحیت کے بعد اپنے دفاع کا حق رکھتا ہے۔سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر جاری ایک بیان میں ایرانی صدر نے دوست اور ہمسایہ ممالک کے سربراہان کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ ایران نے ان ممالک کے ساتھ مل کر اور سفارتی ذرائع کے ذریعے جنگ سے بچنے کی کوشش کی، لیکن امریکی صہیونی فوجی جارحیت نے انہیں اپنے دفاع کے سوا کوئی راستہ نہیں چھوڑا۔صدر مسعود پزشکیان نے اپنے پیغام میں کہا کہ اے برادر ممالک کے سربراہان اور ہمسایہ ریاستوں کے قائدین، ہم نے آپ کے ساتھ مل کر اور سفارت کاری کے ذریعے جنگ سے گریز کی بھرپور کوشش کی، مگر امریکی۔صہیونی فوجی جارحیت نے ہمیں اپنے دفاع پر مجبور کر دیا ہے۔ان کا کہنا تھا کہ ہم آپ کی خودمختاری کا احترام کرتے ہیں اور ہمارا یقین ہے کہ خطے کی سلامتی اور استحکام اس کے ممالک کی مشترکہ کاوشوں سے ہی ممکن ہے۔ایرانی صدر نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ خطے میں امن اور استحکام کے قیام کے لیے علاقائی ممالک کا باہمی تعاون ناگزیر ہے۔


