مانگی ڈیم چیک پوسٹ پر حملے میں 27 اہلکار شہید ہوئے، بلوچستان حکومت نے رپورٹ جاری کردی
کوئٹہ (ویب ڈیسک) بلوچستان حکومت نے مانگی ڈیم چیک پوسٹ پر حملہ کی رپورٹ جاری کر دی جس کے مطابق اس حملے میں کم از کم 27 اہلکار شہید ہوئے تھے۔ صوبائی حکومت نے حملے کی تفصیلات جاری کرتے ہوئے بتایا ہے کہ عسکریت پسندوں نے کیا حکمت عملی اختیار کی اور کس طرح سیکورٹی اہلکاروں نے ان کا مقابلہ کیا، پوسٹ پر تعینات اہلکار جانتے تھے کہ خطرہ موجود ہے، انٹیلی جنس اداروں نے پہلے ہی ممکنہ حملے سے آگاہ کر دیا تھا، اسی لیے چند روز قبل نفری میں اضافہ کیا گیا تھا۔ رپورٹ کے مطابق 6 جولائی کی صبح ایک ڈی ایس پی کی قیادت میں تقریباً 35 پولیس اہلکار اپنی ذمہ داریاں انجام دے رہے تھے، جبکہ قریب ترین ایف سی پوسٹ تقریباً 20 کلومیٹر کے فاصلے پر واقع تھی۔ صوبائی حکومت کے بیان میں کہا گیا کہ صبح تقریباً 11 بجے دور دراز علاقے سے وقفے وقفے سے فائرنگ کی آوازیں سنائی دیں۔ اطلاع فوری طور پر پولیس ہیڈکوارٹرز اور ایف سی تک پہنچا دی گئی، چونکہ پوسٹ کو حال ہی میں اضافی نفری اور بہتر اسلحہ فراہم کیا گیا تھا، اس لیے کمانڈنگ افسر کا موقف تھا کہ موجودہ نفری صورت حال کا مقابلہ کرنے کی صلاحیت رکھتی ہے۔ رپورٹ کے مطابق حملے کے بعد احتیاطی تدبیر کے طور پر پولیس ہیڈکوارٹرز نے تقریباً 35 اہلکاروں پر مشتمل ایک خصوصی دستہ مزید کمک کے لیے روانہ کیا، اسی دوران فرنٹیئر کور نے فضائی نگرانی اور معاونت کے لیے ایک مسلح ہیلی کاپٹر بھی علاقے میں بھیجا، جو تقریباً ڈیڑھ گھنٹے تک فضائی نگرانی کرتا رہا۔ رپورٹ میں بتایا گیا کہ دہشت گردوں نے براہِ راست حملے کے بجائے وقفے وقفے سے فائرنگ جاری رکھی، مقصد یہ تھا کہ پولیس اپنا زیادہ سے زیادہ گولہ بارود استعمال کر لے، شام ہوتے ہوتے یہی ہوا، پوسٹ پر موجود بیشتر گولہ بارود استعمال ہو چکا تھا، مگر اہلکار اپنی جگہوں پر ثابت قدم رہے۔ صوبائی حکومت کے مطابق جب پولیس کی کمک پوسٹ کے قریب پہنچی تو دہشت گردوں نے اس پر بھی شدید فائرنگ شروع کردی، جس کے باعث کمک کو کچھ فاصلے پر رکنا پڑا، اس دوران ایف سی نے وی ٹی او ایل ڈرونز استعمال کیے اور مارٹر فائر کے ذریعے دہشت گردوں کو نشانہ بنایا، اسی کارروائی کی آڑ میں پولیس اور ایف سی کی نفری نے آگے بڑھنا شروع کیا۔ یہ بھی بتایا گیا کہ اندھیرا پھیلتے ہی دہشت گردوں نے پوسٹ پر براہِ راست حملہ کردیا اور انتہائی قریب آ گئے، اس موقع پر پوسٹ پر موجود پولیس اہلکاروں نے اور آگے بڑھتے ہوئے پولیس و ایف سی کی کمک نے بھرپور مزاحمت کی، شدید جھڑپ میں 15 دہشت گرد مارے گئے، 9 پولیس اہلکار جان سے گئے جبکہ 3 زخمی ہوئے، کمک کے پہنچنے کے بعد زخمی اہلکاروں کو محفوظ مقام پر منتقل کر دیا گیا۔ حکومتی رپورٹ میں مزید کہا گیا کہ اس وقت تک پولیس پوسٹ کا گولہ بارود تقریباً ختم ہوچکا تھا، چنانچہ باقی ماندہ اہلکار، جن میں ڈی ایس پی سمیت 28 پولیس اہلکار شامل تھے، اندھیرے کا فائدہ اٹھاتے ہوئے دو گروپوں میں نکلنے لگے، ڈی ایس پی کی قیادت میں ایک گروپ بحفاظت نکلنے میں کامیاب ہو گیا، لیکن دوسرا گروپ، جس میں 18 اہلکار شامل تھے، رات کے اندھیرے میں دہشت گردوں سے جا ٹکرایا اور انہیں یرغمال بنا لیا گیا۔ حکومت کا کہنا ہے کہ اس علاقے کا جغرافیہ انتہائی دشوار گزار ہے، بلند پہاڑ، گہری دراڑیں، پتھریلے راستے اور کھائیاں نہ صرف نقل و حرکت کو مشکل بناتی ہیں بلکہ لڑائی بھی زیادہ تر قریب فاصلے پر ہوتی ہے جبکہ مشاہدہ انتہائی محدود رہتا ہے، انہی حالات کے باعث ایف سی اور پولیس کی پیش قدمی انتہائی احتیاط کے ساتھ جاری رہی کیونکہ متعدد مقامات پر گھات لگائے جانے کا خدشہ موجود تھا۔ اس واقعہ کے بعد ایف سی اور فوج نے پورے علاقے میں جامع کومبنگ آپریشن شروع کر دیا اور 300 مربع کلومیٹر سے زائد دشوار گزار پہاڑی سلسلے پر محیط اس علاقے میں آپریشن اس وقت تک جاری رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے جب تک تمام عسکریت پسندوں کا خاتمہ نہیں ہو جاتا۔ صوبائی حکومت نے کہا کہ اس افسوس ناک واقعہ کے بعد مختلف حلقوں کی جانب سے متعدد گمراہ کن بیانیے بھی سامنے آئے، تاہم دستیاب معلومات کے مطابق مانگی ڈیم پولیس پوسٹ پر تعینات اہلکاروں نے اپنی پوری صلاحیت کے ساتھ آخری دم تک مزاحمت کی۔


