میرا کسی بھی گروہ،تنظیم یا قبضہ مافیا سے کوئی تعلق نہیں ہے، ایڈووکیٹ عنایت کاسی
کوئٹہ(این این آئی)سابق وزیرداخلہ بلوچستان و قبائلی رہنما عنایت کاسی ایڈووکیٹ نے کہاہے کہ انکا کسی بھی گروہ یا تنظیم سے کوئی تعلق نہیں ہے بعض عناصر میرے خلاف سوشل میڈیا پر منفی پروپیگنڈہ کر رہے ہیں جن کے خلاف قانونی چارہ جوئی کا حق محفوظ رکھتا ہوں۔یہ بات انہو ں نے جمعرات کی رات سعودی عرب سے ٹیلی فون پر کوئٹہ کے صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہی۔ انہوں نے کہا کہ میرے والد سابق وفاقی وزیر مرحوم ڈاکٹر عبدالمالک کاسی اور میرے خاندان کی صوبے کے عوام کیلئے خدمات کسی سے پوشیدہ نہیں ہے ہم نے ہمیشہ بلوچ،پشتون ،ہزارہ ،سرائیکی ،پنجابی سمیت ہر طبقہ سے تعلق رکھنے والے عوام کی خدمت کی ہے اور ہمارے گھر کے دروازے چوبیس گھنٹے عوام کیلئے کھلے ہیں اور کبھی بھی کوئی غریب ہمارے گھر سے خالی ہاتھ نہیں کیا گیا۔انہوں نے کہا کہ اپنے والد مرحوم ڈاکٹر عبدالمالک کاسی کے نقش قدم پر چلتے ہوئے عوام کی بلا رنگ و نسل اور بغیر کسی تعصب کے خدمت کر رہا ہوں جو بعض عناصر کو پسند نہیں آرہی ہے اور اس لئے وہ میرے خلاف منفی پروپیگنڈہ مہم چلا رہے ہیں انہوں نے کہا کہ میںاسوقت خانہ کعبہ میں موجود ہیں اور اللہ کو حاضر و ناظر جان کر یہ کہتا ہوں کہ میرا کسی بھی تنظیم ،گروہ یا قبضہ مافیا سے کوئی تعلق نہیں ہے اللہ تعالیٰ نے مجھے اور میرے خاندان کوہر نعمت سے نوازا ہے جس پر اللہ کا شکر ادا کرتا ہوں۔ انہوں نے کہا کہ بعض عناصر اسوقت میرے سوشل میڈیا پر میرے خلاف ایک منفی پروپیگنڈہ چلارہے ہیں جس کا حقیقت سے کوئی تعلق نہیں ہے ایسے عناصر اپنے ذاتی مفادات کیلئے مجھے اور میرے خاندان کو بدنام کرنا چاہتے ہیں جن کے خلاف قانونی کارروائی کا حق محفوظ رکھتا ہوں۔عنایت کاسی ایڈووکیٹ نے کہا کہ جتنی دولت اور جائیداد اللہ تعالیٰ نے میرے خاندان کو دی ہے اس پر اسکا جتنا شکر ادا کریں کم ہے لیکن بعض عناصر کو میری عوامی خدمت ہضم نہیں ہورہی ہے اس لئے وہ مجھے جھوٹا پروپیگنڈہ کرکے بدنام کرنا چاہتے ہیں لیکن وہ اپنے مقاصد میں کبھی بھی کامیاب نہیں ہونگے۔انہوں نے کہا کہ میرے گھر کے دروازے چوبیس گھنٹے بلوچستان کے عوام کیلئے کھلے ہیں اور کبھی بھی کوئی غریب اللہ کے حکم سے میرے گھر سے خالی ہاتھ نہیں گیا میں نے غریب اور نادارخواتین اور نوجوانوں کی اللہ کی رضاکی خاطر فی سبیل اللہ شادیاں کرائیں اور کئی گھرانوں کی اللہ کی رضا کیلئے مدد کرتا ہوں میری عوامی خدمت بعض عناصر کو ہضم نہیں ہورہی ہے اس لئے وہ میرا میڈیا ٹرائل کررہے ہیں جنہیں ناکامی کے سوا کچھ نہیں ملے گا۔


