نوشکی، مسلح حملے میں ایک شخص جاں بحق، قلات میں مسافر کوچ پر فائرنگ سے خاتون زخمی، پولیس
نوشکی ، قلات( یو این اے) ضلع نوشکی کے عین الدین روڈ پر نامعلوم مسلح افراد کی فائرنگ کے نتیجے میں ایک شخص جاں بحق ہوگیا۔ پولیس ذرائع کے مطابق فائرنگ سے جاں بحق شخص کی شناخت شیخ زاہد کے نام سے ہوئی ہے۔ واقعے کے بعد پولیس نے موقع پر پہنچ کر لاش کو ضروری کارروائی کے لیے اسپتال منتقل کردیا۔ جبکہ فرار ہونے والے ملزمان کی گرفتاری کے لیے علاقے میں سرچ آپریشن اور ناکہ بندی بھی کی جا رہی ہے۔ پولیس کے مطابق واقعے کی وجوہات اور ملزمان کی شناخت کے لیے تحقیقات جاری ہیں۔ علاوہ ازیں ضلع قلات میں گڈان ہوٹل کے قریب نامعلوم مسلح افراد نے کوئٹہ سے تربت جانے والی مسافر کوچ پر فائرنگ کردی۔ حادثہ صبح تقریبا 11:00 بجے پیش آیا جب نامعلوم افراد نے اچانک گاڑی پر اندھا دھند فائرنگ کر دی۔ فائرنگ کے نتیجے میں 25 سالہ خاتون شاندار گل سکنہ آواران شدید زخمی ہوگئیں۔ واقعے کے فورا بعد زخمی خاتون کو فوری طبی امداد کی فراہمی کے لیے سول اسپتال سوراب منتقل کر دیا گیا، جبکہ انتظامیہ و سیکورٹی اداروں نے واقعے کی تحقیقات شروع کردی ہیں۔


