چاغی کے رہائشیوں کے شناختی کارڈ بلاک ہونے کا معاملہ، صادق سنجرانی کا چیئرمین نادرا کو خط
کوئٹہ (آن لائن) رکن بلوچستان اسمبلی اور سابق چیئرمین سینیٹ محمد صادق خان سنجرانی نے ضلع چاغی کے سرحدی علاقوں کے رہائشیوں کے قومی شناختی کارڈز بلاک ہونے کے معاملے پر چیئرمین نادرا، لیفٹیننٹ جنرل محمد منیر افسر کو ایک تفصیلی خط ارسال کر دیا ہے۔اپنے خط میں محمد صادق خان سنجرانی نے چیئرمین نادرا کی توجہ اس اہم عوامی مسئلے کی جانب مبذول کراتے ہوئے مقف اختیار کیا کہ ضلع چاغی کے سرحدی علاقوں کے رہائشیوں کے قریبی رشتہ دار اور دیرینہ سماجی روابط ایران اور افغانستان میں موجود ہیں، جس کے باعث ان کا سرحد پار آنا جانا معمول کا حصہ ہے۔ تاہم، نادرا کی جانب سے محض سفری ریکارڈ (Travel History) کی بنیاد پر، بغیر کسی پیشگی نوٹس یا وضاحت کا موقع فراہم کیے، متعدد پاکستانی شہریوں کے قومی شناختی کارڈ بلاک کر دیے گئے ہیں۔انہوں نے کہا کہ شناختی کارڈز کی بندش کے باعث متاثرہ شہری شدید مشکلات سے دوچار ہیں۔ ان میں سرکاری ملازمین، طلبہ، کاروباری افراد اور دیگر قانون پسند شہری شامل ہیں، جو نہ صرف بینک اکانٹس تک رسائی سے محروم ہو گئے ہیں بلکہ انہیں دیگر سرکاری اور مالیاتی امور میں بھی مشکلات کا سامنا ہے۔محمد صادق خان سنجرانی نے چیئرمین نادرا سے مطالبہ کیا کہ نادرا کے اعلی حکام پر مشتمل ایک خصوصی بورڈ ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر دالبندین بھیجا جائے تاکہ متاثرہ شہریوں کو ذاتی طور پر طلب کرکے ان کے مقدمات کی میرٹ پر جانچ پڑتال کی جائے اور حقیقی پاکستانی شہریوں کی جائز شکایات کا فوری ازالہ یقینی بنایا جائے۔انہوں نے امید ظاہر کی کہ چیئرمین نادرا اس عوامی اہمیت کے حامل مسئلے پر فوری، منصفانہ اور ہمدردانہ اقدامات کریں گے تاکہ متاثرہ شہریوں کو درپیش مشکلات کا جلد از جلد خاتمہ ممکن بنایا جا سکے۔


