مستونگ میں سیشن جج کی شہادت نظامِ انصاف اور قانون کی بالادستی پر حملہ ہے، واقعے کیخلاف عدالتوں کا بائیکاٹ کریں گے، بلوچستان بار کونسل

کوئٹہ (ویب ڈیسک) بلوچستان بار کونسل نے مستونگ میں پیش آنے والے دہشت گرد حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے، جس کے نتیجے میں سیشن جج عبدالحکیم کاکڑ اور ان کے گن مین شہید جبکہ ایک ایڈیشنل سیشن جج شدید زخمی ہوئے۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ یہ حملہ صرف ایک فرد پر نہیں بلکہ پورے نظامِ انصاف، عدلیہ اور قانون کی بالادستی پر حملہ ہے۔ بلوچستان بار کونسل شہید جج کو خراجِ عقیدت پیش کرتی ہے اور زخمی جج کی جلد صحت یابی کے لیے دعا گو ہے۔ بار کونسل نے اس افسوسناک واقعے پر شدید احتجاج کرتے ہوئے کل (24 جولائی) بلوچستان بھر میں عدالتی کارروائی کے بائیکاٹ اور یومِ سوگ منانے کا اعلان کیا ہے۔ اس دوران تمام وکلا عدالتوں میں پیش نہیں ہوں گے۔ پریس ریلیز میں حکومت بلوچستان سے مطالبہ کیا گیا ہے کہ حملے میں ملوث عناصر کو فوری طور پر گرفتار کر کے قانون کے کٹہرے میں لایا جائے، شہریوں، جج صاحبان، وکلا اور عدالتی عملے کی حفاظت کے لیے مو¿ثر اور فوری اقدامات کیے جائیں، اور صوبے میں بڑھتی ہوئی دہشت گردی پر قابو پانے کے لیے ٹھوس حکمت عملی اختیار کی جائے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں