صوبے میں گڈز ٹرانسپورٹ کی نہ کسی قسم کی ہڑتال ہے نہ اس کا کوئی فیصلہ کیا گیا، بلوچستان گڈز ٹرک اونرز ایسوسی ایشن
کوئٹہ (آن لائن) بلوچستان گڈز ٹرک اونرز ایسوسی ایشن کے ترجمان نے اپنے وضاحتی بیان میں کہا ہے کہ فی الحال بلوچستان میں گڈز ٹرانسپورٹ کی کسی قسم کی ہڑتال نہیں ہے، اور نہ ہی اس وقت ہڑتال کرنے کا کوئی فیصلہ کیا گیا ہے۔ترجمان کے مطابق، ایسوسی ایشن ملک بھر کے ٹرانسپورٹرز، بالخصوص کراچی پورٹ سے وابستہ نمائندوں کے ساتھ مشاورت کے عمل میں ہے۔ تمام متعلقہ فریقین سے مشاورت مکمل ہونے کے بعد آئندہ کا لائحہ عمل طے کیا جائے گا۔انہوں نے مزید کہا کہ اگر مستقبل میں ہڑتال یا کسی بھی قسم کے احتجاج کا فیصلہ کیا گیا تو اس کا باقاعدہ اعلان میڈیا اور دیگر سرکاری ذرائع کے ذریعے بروقت کیا جائے گا۔ایسوسی ایشن نے تمام ٹرانسپورٹرز اور عوام سے اپیل کی ہے کہ افواہوں پر کان نہ دھریں اور صرف بلوچستان گڈز ٹرک اونرز ایسوسی ایشن کی جانب سے جاری کردہ مستند معلومات پر اعتماد کریں۔


