ڈاکٹروں کو تشدد کانشانہ بناکر انہیں گرفتارکرنا حکومت کی نااہلی ہے۔قاضی غلام رسول بلوچ

تربت. نیشنل پارٹی کے مرکزی رہنما،سابق میئرتربت قاضی غلام رسول بلوچ نے کوئٹہ میں ڈاکٹروں پرتشدد اورانہیں گرفتارکرنے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہاکہ ڈاکٹروں کوایک جائز مطالبہ کی پاداش میں تشدد کانشانہ بناکر انہیں گرفتارکرنا موجودہ حکومت کی نااہلی کامنہ بولتاثبوت ہے، ڈاکٹرز نے کسی مراعات یامالی منفعت کیلئے احتجاج نہیں کیا بلکہ وہ کرونا وائرس سے بچاؤ کیلئے حفاظتی کٹس کامطالبہ کررہے تھے یہ ان کا ایک جائز مطالبہ ہے حکومت کو چاہیے تھاکہ وہ احساس ذمہ داری کرتے ہوئے بہت پہلے ڈاکٹرزاورپیرامیڈیکس کیلئے حفاظتی کٹس مہیاکرنے کا بندوبست کرتی، مگر سیاسی جماعتوں اور ڈاکٹرزکے باربار مطالبہ کے باوجود حکومت ٹس سے مس نہیں ہورہی تھی اورنوبت یہاں تک پہنچ چکی تھی کہ 12سے زائد ڈاکٹرز کرونا سے متاثرہوچکے ہیں جب ڈاکٹرزاپنے جان کی تحفظ نہیں کرپاتے تووہ مریضوں کاعلاج کیسے کرپائیں گے؟ شاید حکومت اس انتظارمیں ہے کہ اس عالمی وباسے کچھ لوگ جان سے چلے جائیں تب وہ حفاظتی کٹس کا بندوبست کرے گی، انہوں نے مطالبہ کیاکہ گرفتار ڈاکٹروں اورہیلتھ ورکروں کو فوری طورپر باعزت طریقے سے رہاکیاجائے اور صوبہ بھرکے ڈاکٹروں اورپیرامیڈیکس کیلئے ہنگامی بنیادوں پر حفاظتی کٹس کا بندوبست کیاجائے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں