وفاقی حکومت نے یکم مئی کو ملک بھر میں عام تعطیل کا اعلان کر دیا

اسلام آباد: وفاقی حکومت کی جانب سے یوم مزدور کے موقع پر یکم مئی کو ملک بھر میں عام تعطیل کا اعلان کردیا ہے، اس لیے تمام سرکاری و نجی ادارے بند رہیں گے، یوم مزدور کے موقع پر ملک بھر میں تقریبات اور سیمینارز ہوں گے۔سندھ حکومت کی جانب سے پہلے ہی عالمی یوم مزدور کے موقع پرعام تعطیل کا اعلان کیا گیا ہے، صوبائی حکومت نے یکم مئی بروز ہفتہ صوبے بھر میں عام تعطیل کا نوٹی فکیشن بھی جاری کردیا۔ جب کہ وزیر اعلی پنجاب سردار عثمان بزدار کا یوم مزدور پر کہنا ہے کہ محنت کش ہمارے ہیرو ہیں جو رزق حلال کما کر معیشت کو مضبوط کرتے ہیں، 1886ء کو شکاگو میں محنت کشوں نے اپنے حقوق کیلئے لازوال قربانیاں دیں اور یہ دن ہمیں جبر و استبداد کے خلاف شکاگو کے شہداء کی جدوجہد کی یاد دلاتا ہے، دین اسلام محنت کش کی عظمت اور فلاح و بہبود کا درس دیتا ہے، دین اسلام میں محنت کش کو اللہ کا دوست قرار دے کر اس کی عظمت کو اجاگر کیا گیا ہے۔ دوسری طرف بلوچستان لیبر فیڈریشن کے صوبائی ترجمان عابدبٹ نے کہا ہے کہ کوئٹہ سمیت بلوچستان بھر میں ہر سال کی طرح اس سال بھی عالمی یوم مزدور شایان شان طریقے سے منایا جائے گا 1886 کے شکاگو کے عظیم جانثاروں کو زبردست الفاظ میں خراج تحسین پیش کرنے کیلئے کوئٹہ سمیت بلوچستان بھر میں بلوچستان لیبر فیڈریشن کے پلیٹ فارم سے ریلیاں جلسے اور کانفرنسز و ریفرنسز منعقد کیئے جائیں گے جس میں دنیا بھر کے مزدوروں کیلئے اپنی جانوں کے نذرانے پیش کرنیوالے عظیم مزدور رہنماؤں اور خاص طو رسے 1886 کے شکاگو کے عظیم جانثاروں کی قربانیوں کو یاد کرکے انہیں مزدوروں کیلئے جدوجہد کی راہ متعین کرنے پر زبردست الفاظ میں خراج تحسین پیش کیا جائے گا

اپنا تبصرہ بھیجیں