کورونا وائرس؛ پی آئی اے پائلٹس کاعراق میں محصورپاکستانیوں کوواپس لانے سے انکار

اسلام آباد:پی آئی اے کے دو پائلٹس اور ایک ایئر ہوسٹس میں کورونا وائرس ٹیسٹ مثبت آنے کے بعد پائلٹوں نے عراق میں محصور پاکستانیوں کو وطن واپس لانے سے انکار کردیا۔ پی آئی اے کے دو پائلٹس اور ایک ایئر ہوسٹس میں کورونا وائرس کی تصدیق کے بعد تحفظات دور نہ ہونے پر پی آئی اے کے پائلٹس کی نمائندہ تنظیم پالپا اور پی آئی اے انتظامیہ میں تناؤ برقرار ہے جس کے بعد عراق میں محصور پاکستانیوں کو واپس لانے کے لیے اسلام آباد سے بغداد روانہ ہونے والی پرواز پی کے9813 پائلٹوں کے انکار کے باعث تاخیر کا شکار ہوگئی ہے۔شیڈول وقت کے مطابق پرواز کو منگل صبح 5 بجے مسافروں کو لانے کے لیے بغداد روانہ ہونا تھا۔ تاہم اب پرواز کی روانگی منگل دن 12 بجے تک تاخیر سے متوقع ہے۔ تقریباً 161 پاکستانی وطن آنے کے لیے عراق کے مختلف شہروں سے بغداد میں جمع ہوئے تھے۔ تاہم پی آئی اے حکام اور سی ای او پی آئی اے کی یقین دہانیوں اور حفاظتی سوٹ فراہم کرنے کے باوجود پائلٹ ڈیوٹی پر نہ پہنچے۔ سی ای او پی آئی اے نے ایک روز قبل پائلٹس اور عملے کو قومی ہیرو بھی قرار دیا تھا۔ پائلٹس کی نمائندہ تنظیم پالپا و پی آئی اے انتظامیہ کے اختلافات کی ایک وجہ پی آئی اے کی دو ماہ کے لیے تنخواہ کٹوتی کا معاملہ بھی قرار دیا جارہا ہے۔ پی آئی اے کے سی ای او ارشد ملک نے اپنی تنخواہ سے 20 فیصد کٹوتی کا اعلان کیا تھا بعدازاں پی آئی اے کی تمام انتظامیہ نے بھی کٹ شدہ تنخواہ لینے کا اعلان کیا تھا

50% LikesVS
50% Dislikes

Leave a Reply