یہ بات مکمل طور پر غلط ہے کہ الیکشن کے عمل میں حکومت سندھ کی مداخلت شامل تھی، ترجمان الیکشن کمیشن

کراچی : ترجمان دفتر صوبائی الیکشن کمشنرسندھ کے جاری کردہ بیان کے مطابق صوبائی الیکشن کمشنر سندھ اعجاز انور چوہان نے روزنامہ دنیا نیوز کراچی میں شائع ایڈیٹورل صفحہ میں ریڈ زون کے نام سے کالم نگار کنور دلشاد کے کالم کی خبر کی تردید کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ بات مکمل طور پر غلط ہے کہ الیکشن کے عمل میں حکومت سندھ کی مداخلت شامل تھی اور بیشتر پریذائیڈنگ افسران انتخاب سے ایک ہفتہ قبل تبدیل کئے گئے تھے۔ انہوں نے کہا کہ ریٹرننگ آفیسر نے تمام پولنگ اسٹیشنز پر پریذائیڈنگ افسران کو کراچی ڈویژن کے ہی مختلف تعلیمی اِداروں سے ہی منتخب کئے تھے۔ واضح رہے کہ یہ حلقہ کراچی غربی بلدیہ ٹاؤن اور کیماڑی پر مشتمل ہے۔ ضمنی انتخاب کی شفافیت کو یقینی بنانے کیلئے پریذائیڈنگ افسران کا تقرر کراچی کے دوسرے اضلاع سے بھی کیا گیا تھا۔ تمام پریذائیڈنگ افسران کا تعلق مختلف تعلیمی اداروں سے تھا جن میں کالجز کے لیکچرار اور پروفیسرز شامل ہیں یہ تمام سرکاری ملازمین ہیں اور الیکشن کمیشن آف پاکستان ہمیشہ تعلیمی اداروں سے ہی خدمات لیتا رہا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ پریذائیڈنگ افسران نے فارم 45 پولنگ کے عمل کے دوران دن میں تیار نہیں کیا اور نہ ہی گنتی کے عمل سے پہلے پولنگ ایجنٹس سے دستخط کروائے گئے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں