مصالحتی کمیشن کاقیام خوش آئند ہے، کمیشن کی کاوشوں کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں، ڈی سی کوئٹہ

کوئٹہ؛ڈپٹی کمشنر کوئٹہ اورنگ زیب بادینی نے کہا ہے کہ سول سوسائٹی اور شہر میں بسنے والے افرادکردار امن وامان کے قیام اور دیگر مسائل کے حل کے لئے انتہائی کلیدی اہمیت کا حامل ہے،جماعت اسلامی ضلع کوئٹہ کی جانب سے مصالحتی کمیشن کا قیام نہ صرف خوش آئند ہے بلکہ کمیشن میں شامل افراد کے کاوشوں کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز جماعت اسلامی کے مصالحتی کمیشن کے اراکین صوبائی نائب امیر ڈاکٹر عطاء الرحمن، ضلع کوئٹہ کے امیر حافظ نور علی، جے آئی یوتھ ضلع کوئٹہ کے صدر عبدالرافع خلجی کی سربراہی میں ملنے والے وفد سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔ وفد میں شامل افراد نے ڈپٹی کمشنر کوئٹہ کی توجہ فیضان جتک کی پولیس فائرنگ سے جاں بحق ہونے، لیویز اور تاجروں کے درمیان پیش آنے والے واقعہ، ایس او پیز پر عمل درآمد اور لاک ڈاؤن طرف مبذول کرائی اور کہاکہ فیضان جتک کی شہادت ہو یا پھر لیویز اور تاجروں کے درمیان پیش آنے والا واقعہ قابل افسوس ہے اس سے شہریوں اور انتظامیہ کے درمیان دوریاں پیدا ہوتی ہیں۔ انہوں نے کہاکہ ایس او پیز پر عمل درآمد اور موثر لاک ڈاؤن کے لئے بھی تاجر برادری اور ضلعی انتظامیہ کے درمیان مصالحتی کمیشن کردار ادا کرنے کو تیار ہیں، تمام مسائل کا حل باہم گفت و شنید کے ذریعے ممکن ہے اس سلسلے میں مصالحتی کمیشن فریقین سے ملاقاتوں کا سلسلہ جاری رکھے گی۔ اس موقع پر ڈپٹی کمشنر کوئٹہ اورنگ زیب بادینی کا کہنا تھا کہ مصالحتی کمیشن کا کردار اہمیت کا حامل ہے کسی بھی شہر اور علاقے میں سول سوسائٹی اور بسنے والی شہریوں کا کردار انتہائی اہمیت کا حامل ہوا کرتا ہے وہ باہم گفت و شنید کے ذریعے مسائل کے حل کا خواہاں ہے بلکہ و ہ اس سلسلے میں مصالحتی کمیشن کے ساتھ ہر ممکن تعاون کے لئے بھی تیار ہیں۔ اس موقع پر مصالحتی کمیشن میں شامل افراد نے ڈپٹی کمشنر کا شکریہ ادا کیا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں